Live Updates

14اگست قوم تجدید عہد کا دن ہوتاہے،جو لوگ احتجاج یافساد کی بات کریں وہ محب وطن کیسے ہوسکتے ہیں فرح ناز اکبر

یوم آزادی قربانیوں کو یادرکھنے کادن ہے،نئی نسل آزادی کی قدر، قربانیوں کی اہمیت اور حب الوطنی کو سمجھے،مسلم لیگی رہنما

اتوار 10 اگست 2025 17:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین اسلام آباد کے زیراہتمام رکن قومی اسمبلی ووفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ وقومی ورثہ فرح ناز اکبرنے جشن آزادی کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں کہاہے کہ 14اگست قوم کیلئے تجدید عہد وفا کا دن ہوتاہے جو لوگ اس روز ماں دھرتی سے محبت کی بجائے خون خرابہ ،احتجاج اور فساد کی بات کریں وہ محبت وطن کیسے ہوسکتے ہیں،عمران نیازی نے ملک میں انتشار کی سیاست کی داغ بیل ڈالی ہے جس کانقصان ہماری آنے والی نسلوںکو بھی ہوگا،14اگست کو تحریک انتشار کی جانب سے احتجاج وطن سے بغض عناد اوردشمنی کی بدترین مثال ہوگی اور قوم کسی صورت اس طرح کی منفی حرکت کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہاکہ یوم آزادی کو ازلی دشمن بھارت کیخلاف حالیہ جنگ میںتاریخی فتح کے طورپرمنانے کیلئے پوری قوم بھرپورتیاریاں کررہی ہے اور وطن کا بچہ بچہ ماں دھرتی پر قربان ہونے کو اپنی سعادت اور خوش بختی سمجھتاہے جبکہ عمران نیازی نے جشن آزادی کے اہم دن کے موقع پر خون خرابے اور انتشار کا اعلان کرکے ملک دشمنی کا ثبوت دیا ہے،قوم نے کروڑوں قربانیوں کے بعد آزادی دیکھی اورآج ہم اس موڑ پر کھڑے ہیں جہاں ہماری ذرا سی غلطی آنے والی نسلوں کامستقبل بھی تاریک کرسکتی ہے اس لئے یکجہتی باہمی اخوت محبت رواداری کو کسی صورت ترک نہیں کرناچاہئیے تاکہ ہمارے دشمنوں کی سازشیں اور چالیں کامیاب نہ ہوں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما نے مزید کہاکہ پاکستان رب کریم کی طرف سے ایک عظیم نعمت اور ہماری خوشیوں‘امیدوں اور پہچان کا محور ہے،اگر ملک ہے تو ہم ہیں، اس کے بغیر ہماری کوئی شناخت نہیں،14اگست صرف باجے بجانے ،ون ویلنگ کرنے یا شور شرابے کے بجائے شعور و آگہی کے ساتھ منانی چاہئیے،اس دن ہمیں کربلا کے عظیم شہداء کی قربانیوں اور پاکستان کے قیام کے وقت ہمارے آبائواجداد کی دی گئی قربانیوں کی لازوال داستانوں کو اجاگر کرناچاہیے،یہ دن ان قربانیوں کی یاددلاتی ہے جن کے باعث ہمیں آز ادی جیسی عظیم نعمت نصیب ہوئی ہے۔

فرح ناز اکبرنے کہاکہ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ یوم آزادی کو عبادات،درودوسلام ،قومی پرچم کی عزت اور خدمت خلق کے جذبے کے ساتھ منائے تاکہ حقیقی معنوں میں ہم اس دن کا حق اداکرسکیں، آخر میں انہوں نے والدین ،اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقوں سے اپیل کی کہ وہ نئی نسل کی تربیت ایسے انداز میں کریں کہ وہ آزادی کی قدر،قربانیوں کی اہمیت اور حب الوطنی کو سمجھ سکیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات