گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس آمد

گورنر سندھ نے مارشل آرٹس تقریب کا پر جوش آغاز اینٹ توڑ کر کیا، نوجوانوں کے جذبے کو سراہا

اتوار 10 اگست 2025 17:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مارشل آرٹ مقابلے صرف کھیل نہیں بلکہ پاکستان کا نام دنیا میں روشن کرنے کا ذریعہ ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ جو بچہ بیرونِ ملک مقابلے میں حصہ لینا چاہے اور اخراجات برداشت نہ کر سکے، اُس کا مکمل خرچہ میں خود اٹھاؤں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں جابر مارشل آرٹس اکیڈمی کی جانب سے منعقدہ میڈلز و شیلڈز تقسیم تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

اس سے قبل مارشل آرٹس تقریب کا پر جوش آغاز گورنر سندھ نے اینٹ توڑ کر کیا، جس نے شرکاء میں جوش و خروش کی نئی لہر دوڑا دی۔ اس موقع پر مارشل آرٹس کی شاندار ڈیمونسٹریشن بھی پیش کی گئی، جسے حاضرین نے بھرپور داد دی۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔گورنر سندھ نے تقریب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں مقابلہ میں شریک نوجوانوں کا جذبہ قابلِ دید ہے، میرا تعاون ہمیشہ آپ کے ساتھ رہے گا، میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں۔

گورنر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ جابر مارشل آرٹس اکیڈمی کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، مارشل آرٹس جسمانی فٹنس ، نظم و ضبط اور خود اعتمادی جیسی صفات پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان بچوں کا جذبہ، ان کی مہارت اور اعتماد واقعی قابلِ دید ہے۔