Live Updates

قائد کی جدوجہد وتحریک میں جلائو گھرائو،دھرنا یا لانگ مارچ نہیں بلکہ قوت کردار و نظریہ کی بدولت آزادی حاصل ہوئی،سینیٹرعرفان صدیقی

منگل 12 اگست 2025 17:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) سینیٹ میں قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آزادی کا حصول ایک لمبی تحریک اور جدودجہد مانگتا ہے ،قائد اعظم نے برصغیر کی تاریخ اور جغرافیہ دونوں بدلے اور ایک ایسے قائد کی جدوجہد میں کبھی جلائو گھرائو،دھرنا یا لانگ مارچ نہیں کیا گیا بلکہ صرف قوت کردار و نظریہ کی بدولت پاکستانیوں کو آزادی حاصل ہوئی،معرکہ حق کی چار روزہ جنگ کی کہانی اب شروع ہوئی ہے اور آج اقوام عالم میں ہماری اہمیت بڑھ چکی ہے جس کے پیچھے معرکہ حق ہے۔

ان خیالات کا اظہار سینیٹر عرفان صدیقی نے منگل کو ریڈیو پاکستان راولپنڈی میں ’’جشن آزادی اور معرکہ حق ‘‘ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری ،ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سعید شیخ ،راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر عثمان شوکت ،سٹیشن ڈائریکٹر مسرت شارخ ،دیگر اعلیٰ افسران کے علاوہ ریڈیو پاکستان راولپنڈی سے منسلک فنکاروں ،لکھاریوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادنے کثیر تعداد میں شرکت کی اور بہترین کارکردگی پر پی سی بی پوٹھوہار ایوارڈز 2025 تقسیم کئے گئے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آزادی کا حصول ایک بڑا معرکہ ہوتا ہے ،1930ء میں علاقہ اقبال نے الہ آباد خطبے میں کہا کہ میری آنکھیں ایک آزاد ریاست دیکھ رہی ہیں جس کے سترہ سال بعد پاکستان معرض وجود میں آیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جدوجہد میں انتشار و تشدد نہیں تھا جوکہ ایک لیڈر کو قوت بناتی ہے،ہماری تاریخ گالم گلوچ والے کو لیڈر نہیں مانتی ،آزادی حاصل کرنا ایک معرکہ ہے اور اس کا تحفظ ایک بڑا معرکہ ہے اور ہماری زمہ داری ہے کہ اس کا تحفظ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم غزہ کو دیکھیں تو ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے ،ہمارے اندرونی مسائل اپنی جگہ ہیں مگر اس پر آزادی کی نعمت کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔عرفان صدیقی نے کہا کہ آج 2025ء میں ایک نیا پاکستان جنم لے چکا ہے جو 1947ء سے کئی گنا ذیادہ طاقتور ہوچکا ہے،مہنگائی میں کمی،سٹاک مارکیٹ میں تیزی اور بیرونی سرمایہ کاروں کے رجحان سے ملکی معیشت بہترین ہوتی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کو بچانے والے موجود ہیں اور اپنا کام کررہے ہیں ،ہمارے سپہ سالار اور افواج پاکستان کام کررہی ہے جس وجہ سے ہم رات کو سکون سے سوتے ہیں ،ملک کو دہشت گردی سے پاک کیا جا رہا ہے اور ہمارے نوجوان ملک کے لئے جانیں قربان کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مودی کا آپریشن سندور جوکہ آپریشن جھوٹ ثابت ہوا اور پوری دنیا میں ان کا جھوٹ بے نقاب ہوا ہے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ ریڈیو کا کردار کبھی ختم نہیں ہوگا مگر نئے تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔پاکستان کے قیام کی پہلی آواز گونجی تھی یہ اعزاز ہے کہ قوم کو بتایا کہ اب آپ آزاد ہیں اور اس آزادی کے تحفظ کے لیے اپنی اقدار کو قائم رکھنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان میں آتے ہوئے چالیس سال ہوچکے ہیں اور وقت ایسے ہی گزرتا ہے اور ادارے قائم رہتے ہیں اور وقت کے مطابق ڈھالتے بھی رہتے ہیں،آج فنکاروں کے بہترین کارکردگی پر ایوارڈ سے نوازا گیا جس کے مقصد ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے ۔

ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان شیخ سعید نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان کو اعزاز ہے کہ آزادی پاکستان کی طلوع صبح کا آغاز یہاں سے اعلان سے ہوا ،ہمارے پاس میوزیم میں وہ تمام آلات موجود ہیں جس سے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے خطاب کیا اور ہمارے پاس ،ریڈیو پاکستان ڈیجیٹل فیز میں داخل ہوچکا ہے اور ہم آگے کی طرف جارہے ہیں اور آج راولپنڈی میں پوڈ کاسٹ اسٹوڈیو کا بھی افتتاح کردیا گیا ہے ۔

ریڈیو پاکستان راولپنڈی کی سٹیشن ڈائریکٹر مسرت شارخ نے کہا ہے کہ آج پوری قوم 78 واں جشن آزادی اور معرکہ کی خوشیاں ایک ساتھ منا رہے ہیں ،آپریشن بنیان مرصوص نے ثابت کردیا کہ افواج پاکستان اپنا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں،پاک فوج کے شاہینوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا ،دشمن کی سازشوں کا قلع قمع کیا گیا اور دہشت گردوں کی کمر کو بھی توڑ دیا گیا،معرکہ حق میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے ۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات