کشمیریوں اور پاکستان کا رشتہ قائم دائم اور تاقیامت رہے گا، انجینئر امیر مقام

بھارت مظلوم کشمیریوں پر بدترین ظلم کر رہا ہے ،مقبوضہ کشمیر میں پاکستان سے پیار کا رشتہ مضبوط ہو رہا ہے، تقریب سے خطاب

منگل 12 اگست 2025 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیریوں اور پاکستان کا رشتہ قائم دائم اور تاقیامت رہے گا، کشمیری پاکستان اور مسلم لیگ ن سے محبت کرتے ہیں۔منگل کو کوٹلی آزادکشمیر میں"معرکہ حق" آپریشن بنیان مرصوص تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا پیار ومحبت میرے لیے اثاثہ ہے،شاہ غلام قادر کی محنت کی بدولت مسلم لیگ ن آج زندہ ہے اور لوگوں کے دلوں پر راج کر رہی ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کشمیریوں کی محبت پاکستان اور مسلم لیگ ن سے ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے مفاد اور پاکستان کے مفاد میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہو گی، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم آزادی جوش و خروش سے منا رہے ہیں، ہماری ایک آواز کی بدولت افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو شکست دی، اس جنگ میں کامیابی کے بعد دنیا بھر میں پاکستان طاقت بن کر ابھرا ہے، بھارت کا غرور ہماری افوج نے خاک میں ملا دیا اور پاکستان کا وقار بلندیوں کو چھونے لگا۔

(جاری ہے)

تقریب کا اہتمام ایڈیشنل سیکرٹری مسلم لیگ ن آزاد کشمیر ملک ذوالفقار علی نے کیا تھا۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ جنگ کے دوران کشمیریوں کا جذبہ قابل دید رہا اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے پاکستان کی کامیابی پر جشن منایا، مظلوم کشمیریوں پر بھارت بدترین ظلم کر رہا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں پاکستان سے پیار کا رشتہ مضبوط ہو رہا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی داستان رقم کی ہے، ہم مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ایک ایک پاکستانی زندہ ہے کشمیریوں کو ان کو آزادی حق مل کر رہے گا، پاکستان دنیا بھر میں کشمیریوں کی آزادی کی آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ آنے والے الیکشن میں گھر گھر جا کر کمپین کریں اور میاں محمد نواز شریف کی تعمیر و ترقی اور خوشحال کشمیر کا پیغام پہنچائیں۔صدر مسلم لیگ ن ممبر اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا کہ راج محل نے ثابت کیا ہے کہ راج محل مسلم لیگ ن کا محور و مرکز ثابت ہوگا،مسلم لیگ کی مضبوطی پاکستان کی مضبوطی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کے دور میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا،بھارت سے جنگ جیتنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو آج امریکہ مہمان بنانے پر مجبور ہوا اور پاک فوج کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا،یہ خطہ ہمارے اسلاف نے آزاد کروایا، آج اس خطہ میں ہمارے پاس بہترین حکومتی ڈھانچہ موجود ہے، کوئی بھی پاکستان سے ہمارا رشتہ کمزور نہیں کر سکتا۔

انہوں نیکہا کہ مسلم لیگ ن بنانے میں ملک ذوالفقار کا بنیادی کردار ہے، راج محل کی پسماندگی مسلم لیگ ن دور کرے گی، آنے والا وقت مسلم لیگ ن کا ہے، پیپلز پارٹی کے پاس امیدوار ہی نہیں ہیں، مسلم لیگ ن مہاجرین کی 11 سیٹیں جیتے گی۔سابق وزیر ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا کہ 14 اگست قریب ہے ہم کشمیریوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی19 جولائی کو پاکستان سے وابستگی کا عہد کر دیا تھا جس پر ہم قائم ہیں اور کشمیر جلد آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

سابق وزیر راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ اگست کا مہینہ ہمارے لیے خوشیوں کا مہینہ ہے، کشمیریوں کا ایمان پاکستان سے جڑا ہے، پاکستان سے ہمارا خون کا رشتہ ہے اور یہ رشتہ بنیان مرصوص ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7 مئی سے 10 مئی تک افواج پاکستان نے جنگ جیت کر پاکستان کا وقار دنیا میں بلند کر دیا۔