Live Updates

ہم تو آج بھی پی ٹی آئی کے خلاف سزاؤں اور کارروائیوں کا دفاع نہیں کرنا چاہتے، رانا ثناء اللہ

ہم تو چاہتے ہیں کہ اگر کوئی مشکل ہے تو آئیں بیٹھیں بات کریں، وزیر اعظم نے خود ان کی نشستوں پر جا کر انہیں کہا کہ آئیں مذاکرات کریں؛ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء اور وفاقی مشیر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 اگست 2025 11:07

ہم تو آج بھی پی ٹی آئی کے خلاف سزاؤں اور کارروائیوں کا دفاع نہیں کرنا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست 2025ء ) مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ہم تو آج بھی پی ٹی آئی کے خلاف سزاؤں اور کارروائیوں کا دفاع نہیں کرنا چاہتے۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ اگر کوئی مشکل ہے تو آئیں بیٹھیں بات کریں، وزیر اعظم نے خود ان کی نشستوں پر جا کر انہیں کہا کہ آئیں مذاکرات کریں، عمران خان سے ملاقات اور مذاکرات کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے، عمران خان سے ملاقات میں کوئی رکاوٹ ہے تو پی ٹی آئی دوبارہ توہین عدالت کی درخواست کیوں نہیں کرتی؟۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ جیل حکام کے مطابق وہ عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہیں مگر پی ٹی آئی میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے یہ سب کرتی ہے، اگر پولیس نے آج غلط روکا ہے تو کل عدالت میں جیل سپریٹنڈنٹ کو بلالیں، پی ٹی آئی کے پاس صرف عمران سے ملاقات نہ ہونے کا ہی مسئلہ رہ گیا ہے تو آئیں اسی پر بات کرلیں، جب وزیر اعظم مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں تو وہاں ملاقات سے بات شروع کرلیتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے پاکستان تحریک انصاف سے اپیل کی ہے کہ ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز 14 اگست کی بجائے کسی اور دن کریں کیوں کہ یہ یومِ آزادی ہے جسے قوم یکجا ہوکر منانا چاہیئے، ہمیں احتجاج سے کوئی مسئلہ نہیں البتہ وقت کے انتخاب پر اعتراض ہے، احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا حق ہے لیکن 14 اگست کو ایسا کرنا افسوسناک اور ہماری روایات کے خلاف ہوگا کیوں کہ 14 اگست کو قوم جوش و جذبے کے ساتھ یومِ آزادی منائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے یوم آزادی کے دن کچھ اور کرنے کا ارادہ کر رکھا ہے، اس لیے انہیں اپنی تحریک یا احتجاج 14 اگست کو نہیں کرنا چاہیئے، چاہیں تو 15، 16 یا 13 تاریخ کو کریں، اس سے پہلے جب 5 اگست کو یومِ استحصال منایا گیا، اس دن قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی تھی اور کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی تھی اور اسی دن پی ٹی آئی نے بڑی تحریک کا اعلان کیا لیکن کچھ بھی نہیں ہوا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات