حریت کانفرنس کی پاکستان کو ’’یوم آزادی‘‘ پرمبارکباد، بھارت کا یوم آزادی ’’یوم سیاہ ‘‘کے طور پر منانے کا اعلان

بدھ 13 اگست 2025 22:09

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے پاکستان کے عوام اور حکومت کو 78ویں یوم آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد دی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں پاکستان کو بھارتی تسلط سے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں اور پوری امت مسلمہ کی امید وںکا مرکز قرار دیا۔

انہوں نے حق خود اردیت کی جدوجہد کی بھر پور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط ومستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کا ضامن ہے ۔ مسرت عالم بٹ نے تنازعہ کشمیر کو تقسیم برصغیر کا ایک نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تنازعہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیے خطے میں پائیدار امن و استحکام کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس کے چیئرمین نے کہا کہ جموںوکشمیر پر طاقت کے بل پر قابض بھارت کو علاقے میں اپنے یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی قانونی یا اخلاقی حق نہیں ۔ انہوںنے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو’’ یوم سیاہ‘‘ کے طور پر منائیں۔دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے 15 اگست کو بھارتی یوم آزادی سے قبل مقبوضہ جموںوکشمیر کے تمام 20 اضلاع میں پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں جس سے پہلے سے ریاستی دہشت گردی کاشکار کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

تمام حساس مقامات کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے ۔ ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوںکی نقل و حرکت پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے۔ ورکنگ بائونڈری اور کنٹرول لائن کے نزدیک والے علاقوںمیں تمام سڑکوں کی ناکہ بندی کی گئی ہے ، گاڑیوں ، مسافسروں اور راہگیروں کی سخت تلاشی لی جا رہی ہے۔ بھارتی پولیس نے لوگوں کی پکڑدھکڑکا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔

نوجوانوں کو تھانوںمیں طلب کر کے ہراساں اور قید کیا جا رہا ہے ۔ضلع بارہمولہ کے علاقے اٴْوڑی میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا۔بھارتی فوج نے علاقے میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ ضلع کولگام کے علاقے اکھل میں بھارتی فورسز کا آپریشن آج 14 ویں روز بھی جار ی رہا جبکہ کشتواڑ اور پونچھ اضلاع میں بھی اسی طرح کی کارروائیاں جاری ہیں۔