بلاول بھٹو زرداری کو اعلی قومی اعزاز ملنا قابل فخر ہے‘ پیپلز پارٹی کی مبارکباد

پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کی نظریاتی، جغرافیائی اور خارجی سرحدوں کی حفاظت کی ہے

جمعرات 14 اگست 2025 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے عہدیداروں نے 78ویں جشن آزادی کے موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو انکی غیر معمولی سفارتی خدمات پر ہلال امتیاز ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے بلاول بھٹو زرداری کی خدمات کو خراجِ تحسین کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو اعلی قومی اعزاز ملنا قابل فخر ہے۔

جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے اعلی اعزاز نہ صرف ملک بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی کیلئے بھی باعث فخر ہے،چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد نے امریکہ اور یورپ میں پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کی نظریاتی، جغرافیائی اور خارجی سرحدوں کی حفاظت کی ہے۔

سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے ہمارے نوجوان چیئرمین کی خدمات کا اعتراف پوری پیپلز پارٹی کیلئے اعزاز ہے،بھارتی جارحیت کیخلاف خارجی محاذ پر چیئرمین بلاول بھٹو نے ڈٹ کر پاکستان کا مقدمہ لڑا۔شہزاد سعید چیمہ نے مذید کہا کہ فخر ہے کہ ہم اپنے نوجوان چیئرمین کی قیادت میں پاکستان کی خدمت کر رھے ہیں۔