نوابزادہ جمال ریسانی کی بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز سے نوازے جانے پر دلی مبارکباد

جمعہ 15 اگست 2025 13:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کے سب سے بڑے سول اعزاز نشانِ امتیاز سے نوازے جانے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز انہیں عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف جرات اور حکمت سے پیش کرنے اور نمایاں سفارتی کامیابیاں حاصل کرنے پر دیا گیا ہے۔

اپنے بیان میں رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ بھٹو خاندان کی خدمات پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو تک، بھٹو خاندان نے ہمیشہ عالمی فورمز پر پاکستان کے وقار اور مفادات کا دفاع کیا۔

(جاری ہے)

آج چیئرمین بلاول بھٹو اسی عظیم ورثے کو جرات، وقار اور بے مثال سفارتی مہارت کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دنیا بھر میں پاکستان کی آواز کو بلند اور مؤثر انداز میں پیش کیا، اور ایسے سفارتی اقدامات کیے جن سے ملک کے اسٹریٹجک اور قومی مفادات کو مضبوط تحفظ حاصل ہوا۔انہوں نے اس کامیابی عوامِ پاکستان کی اجتماعی کامیابی قرار دیتےہوۓ کہا کہ جب قوم متحد ہو تو ہمارا سبز ہلالی پرچم دنیا بھر میں بلند تر اور تابناک تر ہو جاتا ہے۔رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور وقار کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔