صدر مملکت کا بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی ہلاکت پر خیبر پختونخوا پولیس کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین

جمعہ 15 اگست 2025 17:40

صدر مملکت   کا بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی ہلاکت پر خیبر پختونخوا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی ہلاکت پر خیبر پختونخوا پولیس کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے خیبر پختونخوا پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں اور پولیس جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے اپنی شجاعت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے بھارتی سرپرست دہشت گردوں کے حملے ناکام بنائے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے جانباز جوان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہیں اور پوری قوم ان پر فخر کرتی ہے، پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ صدر مملکت نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔