بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی تو اس کے بھیانک نتائج ہونگے،سربراہ پاکستان سنی تحریک

جمعہ 15 اگست 2025 19:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہاکہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی تو اس کے بھیانک نتائج ہونگے،مودی حکومت کو بتانا چاہتے ہیں پانی روکا تو ایسا سابق سیکھائیں گے انڈیا ساری عمر یاد رکھے گا،پاکستان کے عوام بھارتی دہشتگردی اور اس کی ہر جارحیت کا جواب دینے کیلئے قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں،پاکستان کی افواج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے اس کا عملی نمونہ بھارت نے دیکھ لیا ہے،مودی پاکستان کے خلاف زہر اگلنا بند کردے کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو طاقت سے دبایا نہیں جاسکتا،مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر مناکر حق خودارادیت کا پرچم بلند کیا ہے،بھارتی ظلم وجبر اور ریاستی مشینری کے استعمال سے کشمیریوں کی آزادی تحریک کوختم نہیں کیا جاسکتا،انسانیت دشمن جنونی مودی کی ذلت اس کا مقدر بن چکی ہے جموں کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کو ختم کرا کر دم لینگے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا،محمد شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے سیاسی،اخلاقی اور ایمانی حمایت جاری رکھیں گے،انہوں نے کہا کہ ہمیں اتحاد ویکجہتی کو فروغ دے کر ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا،بھارت ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں کھلی دہشتگردی کررہا ہے دوسری طرف پاکستان میں انتہاپسندی کو فروغ دے کر انتشار پھیلانے کے درپے ہے،دین اسلام باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا حکم دیتا ہے،بھارت اسلام اور پاکستان کا دشمن ہے وقت آگیا ہے کہ اب بھارت کے مذہبی جنونیت کے پیچھے چھپے دہشتگردانہ چہرے کو بے نقاب کیا جائے۔