انجینئر امیر مقام کا سیلاب سے متاثرہ ضلع بونیر کے مختلف علاقوں کا دورہ

ہفتہ 16 اگست 2025 17:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) صدر پاکستان مسلم لیگ (ن )خیبرپختونخوا اور وفاقی وزیر برائے کشمیر ،گلگت بلتستان وسیفران انجینئر امیر مقام نے وزیر اعظم شہبازشریف کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ ضلع بونیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں،انجینئرامیر مقام نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات اور تعزیت کی،امیرمقام نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، یہ سیاست کا وقت نہیں، پوری قوم متاثرین کے ساتھ ہے،بونیر میں جاری ریسکیو آپریشن انتظامیہ، پاک فوج اور ایف سی کے جوان حصہ لے رہے ہیں، کئی گاؤں مکمل تباہ، متعدد لاپتہ افراد کیلئے دعا گو ہیں۔

(جاری ہے)

امیرمقام نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں،وفاقی حکومت تمام وسائل فراہم کرے گی، متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا،2005 کے زلزلے کے بعد دوسرا بڑا قدرتی سانحہ ہے۔ امیرمقام نے کہا کہ بونیر میں عارضی راستوں کی بحالی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف متاثرہ اضلاع کا جلد دورہ کریں گے۔اس موقع پر کمشنر مالاکنڈ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر بونیر، ضلعی انتظامیہ ، ڈی پی او سمیت وفاقی محکموں پیسکو اور پی ٹی اے سمیت دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔