پاکستان مسلم لیگ (ن) ویمنز ونگ اسلام آباد کے زیر اہتمام یوم آزادی، معرکہ حق تقریب کا انعقاد

ہفتہ 16 اگست 2025 20:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) ویمنز ونگ اسلام آباد کی صدر فرح ناز اکبر کی قیادت میں یوم آزادی، معرکہ حق تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ہفتہ کو یہاں منعقد ہ تقریب میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور حب الوطنی اور پاکستان کے مستقبل کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔ پی ایم ایل این کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب کے موقع پر قومی گیت اور ملی نغموں کی دھنوں پر قومی پرچم لہرایا گیا جس سے ماحول پرجوش ہو گیا۔

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فرح ناز اکبر نے کہا کہ رواں سال کا یوم آزادی محض جشن ہی نہیں تھا بلکہ معرکہ حق کی یاد دہانی بھی ہے جس نے پاکستان کو دشمن پر فیصلہ کن فتح دلائی۔انہوں نے یاد دلایا کہ یہ وطن قائداعظم محمد علی جناح کے وژن ، علامہ اقبال کے فلسفے اور لاتعداد شہداء کے لہو اور قربانیوں سے معرض وجود میں آیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی جدوجہد 1947 میں ختم نہیں ہوئی بلکہ آج بھی جاری ہے، قوم کی آزادی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری ہے۔

انہوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے 28 مئی 1998 کو جوہری تجربات کرنے کے تاریخی فیصلے کی تعریف کی جس سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا گیا جو ہر پاکستانی کے لیے فخر کا باعث ہے۔ فرح ناز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے دشمن کو دلیرانہ اور واضح پیغام دینے کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ پاکستان ہے اور یہ ہمیشہ پاکستان رہے گا۔

موجودہ قیادت کے وژن اور لگن کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمارا وزیر اعظم ایک ایسا لیڈر ہے جو الفاظ پر نہیں عمل پر یقین رکھتا ہے اور جس کا وژن اور محنت پاکستان کو استحکام، ترقی اور بین الاقوامی احترام کی طرف لے جا رہے ہیں۔انہوں نے 2002 میں بیگم کلثوم نواز کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل ترین سیاسی دور میں مسلم لیگ (ن) کو زندہ کیا۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے خواتین کو سیاست اور سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دے کر اس وراثت کو آگے بڑھایا ہے ۔فرح ناز اکبر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ خواتین ونگ مسلم لیگ (ن) کا دل و جان ہے، خواتین کارکنان ہمیشہ اپنے قائدین کی حمایت میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہوئی ہیں ۔

انہوں نے عہد کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے پرچم تلے شہداء کی قربانیوں کا احترام کرتے رہیں گے، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنائیں گے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے اور ایک خوشحال، مستحکم پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔تقریب کا اختتام ’’معرکہ حق زندہ باد‘‘ ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے پرجوش نعروں سے ہوا۔