Live Updates

پی ٹی آئی کی اپیل پرسندھ بھر میں یومِ قائداعظم منایا گیا، انصاف ہائوس میں تقریب کا انعقاد

قائداعظم کی تصویر ہٹانا موجودہ حکمرانوں کی سوچی سمجھی سازش ہے، فارم 47 کی ناجائز حکومت نے پاکستانی قوم دل دکھایا،ڈاکٹر مسرور سیال/ ارسلان خالد

ہفتہ 16 اگست 2025 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)پاکستان تحریک انصاف کی کال پر سندھ بھر میں یومِ قائداعظم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ انصاف ہاس کراچی میں منعقدہ مرکزی تقریب کا آغاز بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر آویزاں کرکے کیا گیا، جس میں پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مسرور سیال، صدر کراچی راجہ اظہر، جنرل سیکریٹری کراچی ارسلان خالد، سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شبیر قریشی، ترجمان کراچی فوزیہ صدیقی، دیگر عہدیداران اور کراچی ڈویژن کے مختلف اضلاع کے صدور و کارکنان شریک ہوئے۔

اس موقع پر صوبے بھر کے کارکنوں نے اپنے سوشل میڈیا اکانٹس پر قائداعظم کی تصاویر شیئر کرکے ان سے عقیدت و محبت کا اظہار بھی کیا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مسرور سیال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قائداعظم کی تصویر ہٹا کر ایک گھٹیا حرکت کی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ قوم بابائے قوم کو کبھی نہیں بھولے گی، قائداعظم کے نظریے کو مائنس نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی عمران خان کے نظریے کو ختم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی معمولی غلطی نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ ڈاکٹر مسرور سیال نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ پاکستان بننے کے بعد قائداعظم کو زیارت میں ایسی جگہ رکھا گیا جہاں آکسیجن موجود نہ تھی، کراچی میں ان کی ایمبولینس دو گھنٹے تک سڑک پر خراب حالت میں کھڑی رہی اور مادر ملت فاطمہ جناح کو غدار قرار دیا گیا۔ لیکن بڑے بڑے لوگ آکر بھی قائداعظم اور فاطمہ جناح کو مائنس نہیں کرسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ فارم 47 کی حکومت کبھی کامیاب نہیں ہوسکے گی۔ پاکستان دو قومی نظریے پر بنا تھا مگر آج ملک میں طبقاتی فرق واضح ہے، امیر کے لیے الگ قانون ہے اور غریب کے لیے کوئی سہولت نہیں۔ قائداعظم نے اسی طبقاتی نظام کو ختم کرنے کے لیے پاکستان بنایا تھا۔ ڈاکٹر مسرور سیال نے مزید کہا کہ یہ ملک مساوات اور "لا الہ الا اللہ" کی بنیاد پر بنا تھا، مگر افسوس ہے کہ قائداعظم کے اقوال پر مشتمل کتاب پاکستان میں بین کر دی گئی ہے، یہ انکشاف ایک نجی چینل کے اینکر نے کیا۔

انہوں نے یاد دلایا کہ قائداعظم نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ پاک فوج کا قومی پالیسی میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے، اور آج کا مقصد یہی ہے کہ قوم کو پاکستان بننے کا اصل مقصد بتایا جائے۔کراچی کے صدر راجہ اظہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کیا یہ لوگ قائداعظم کو مائنس کرنا چاہتے ہیں کیا ہمارے ملک میں بابائے قوم کو ہٹانا درست فیصلہ تھا انہوں نے کہا کہ خاص ایونٹ میں قائداعظم کی تصویر ہٹانا انتہائی نامناسب عمل ہے۔

راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ سندھ میں بابائے قوم کو یاد رکھا جاتا ہے لیکن آج انہیں مائنس کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1947 میں پاکستان آزاد ہوا مگر اس کے بانی کو ہٹا کر کیا حاصل کیا جا سکتا ہی یہ ملک "لا الہ الا اللہ" کی بنیاد پر بنا تھا۔ عمران خان نے قوم کو شعور دیا ہے اور عوام جانتے ہیں کہ پس پردہ کیا کھیل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر انکوائری وزیرِاعظم شہباز شریف اور وزیرِاعلی سندھ دونوں پر ہونی چاہیے، کیونکہ ہمارے کارکنوں کو دہشت گرد بنا کر پیش کیا گیا مگر عوام اصل حقیقت جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کل بھی ہمارا فخر تھے اور آج بھی ہیں۔ سندھ حکومت کو وضاحت دینی ہوگی کہ قائداعظم کی تصویر کیوں نہیں لگائی گئی۔ عوام کے دلوں سے قائداعظم اور عمران خان کی محبت کوئی نہیں نکال سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور صوبائی حکومت دونوں اس معاملے پر معافی مانگیں اور انکوائری کریں، ورنہ ہم اپنی مہم کو مزید تیز کریں گے اور اپنے علاقوں میں جا کر عوام کو آگاہ کریں گے۔

پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری ارسلان خالد نے کہا کہ فارم 47 کی ناجائز حکومت نے پاکستانی عوام کا دل دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بانیانِ پاکستان کی اولاد ہیں اور ہمیں اس بات پر شدید دکھ ہے کہ قائداعظم کی تصویر نہیں لگائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنا فرض پورا کریں گے اور کراچی بھر میں قائداعظم کی تصویریں لگائیں گے تاکہ عوام کو یاد رہے کہ یہ ملک حقیقی آزادی کے لیے بنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد ملک میں حقیقی آزادی آئے گی اور عمران خان ہی پاکستان کو بہتر مستقبل کی طرف لے کر جائیں گے۔پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی شبیر قریشی نے کہا کہ ہم عمران خان کی قیادت میں ملک کو بچائیں گے اور قائداعظم کے اصولوں پر قائم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس واقعے میں ملوث ہیں ان پر غداری کے مقدمات قائم کیے جائیں اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

شبیر قریشی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب میں پی ٹی آئی کی حکومت انسانی خدمت کے جذبے سے کام کر رہی ہے اور ہم سب ان شہدا کے لیے دعا گو ہیں جو اس آفت میں جاں بحق ہوئے۔تقریب کے اختتام پر پی ٹی آئی رہنماں نے عزم ظاہر کیا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو حقیقی آزادی اور مساوات کی بنیاد پر فلاحی ریاست بنایا جائے گا اور بابائے قوم کے نظریات پر عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات