پاکستان کی معیشت مثبت سمت میں تیز ی سےآگے بڑھ رہی ہے ۔سردار ایاز صادق

ہفتہ 16 اگست 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے ، ملک میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، 2030 تک پاکستان کو دنیا کی دس بڑی معیشتوں میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز ایکسپو سینٹر میں سازگار انجینئرنگ لمیٹڈ اور چینی کمپنی جی ڈبلیو ایم کے اشتراک سے منعقدہ ہیول ایچ 6 پلک ان ہائبرڈ وہیکل کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں قائم مقام قونصل جنرل چینی قونصلیٹ لاہور کاو کی، سازگار انجینئرنگ کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں اسد حبیب، تاجروں، صنعت کاروں اور دیگر معززین کی بڑی تعداد شریک تھی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ تقریب پاکستان کی آٹوموبائل صنعت میں ایک اہم سنگ میل کی عکاسی کرتی ہے، جو پاک-چین اقتصادی تعلقات کے فروغ کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ پاکستانی قوم میں آگے بڑھنے کا غیر معمولی جذبہ موجود ہے، جس کی بدولت ملک مشکل حالات کے باوجود ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور ترسیلات زر میں نمایاں بہتری کو معاشی استحکام کی علامت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کیا، لیکن اس کے باوجود ملک میں حالات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں حکومتی پالیسیوں کی بدولت ملک معاشی اور سماجی ترقی کی طرف گامزن ہے۔

سردار ایاز صادق نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی اور پہلگام واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس واقعے کی بھرپور مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عالمی برادری کو بھارت کے عزائم سے آگاہ کیا اور پہلگام واقعے کے اصل حقائق کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔ تاہم، بھارت نے اس واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر حملہ کیا، جس کا پاکستانی فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے اپنے سے کئی گنا فوجی طاقت رکھنے والے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور جنگ میں فتح حاصل کر کے پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند کیا۔ سپیکر نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ سپیکرز کانفرنس کے دوران ہر کوئی یہ جاننا چاہتا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے جدید ترین رافیل طیاروں کو کیسے مار گرایا۔ انہوں نے پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سفارتی محاذ پر پاکستان کی شاندار کامیابیوں کی تعریف کی۔

پاک-چین دوستی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہیں۔ انہوں نے سازگار انجینئرنگ اور چینی کمپنی جی ڈبلیو ایم کے اشتراک سے ہیول ایچ 6 کی لانچنگ کو پاک-چین اقتصادی تعاون کی ایک کامیاب مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ یہاں سمندر، دریا، پہاڑ اور محنتی عوام موجود ہیں، جو ملک کی ترقی کے لیے ایک بڑا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو ہر طرح کے وسائل سے نوازا ہے، اور اب وقت ہے کہ ان وسائل کو بروئے کار لا کر ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے۔تقریب کے دوران سازگار انجینئرنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں اسد حبیب نے کہا کہ ہیول ایچ 6 کی لانچنگ پاکستان کی آٹوموبائل صنعت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ گاڑی جدید ٹیکنالوجی اور اعلی معیار کی حامل ہے، جو پاکستانی صارفین کے لیے ایک بہترین انتخاب ثابت ہو گی۔ انہوں نے پاک-چین تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان کی صنعتی ترقی کے لیے نئے دروازے کھولے گی۔چینی قونصلیٹ کے قائم مقام قونصل جنرل کاو کی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور پاک-چین دوستی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔