صحافیوں کے مسائل حل کرنے پر حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے، چوہدری انوارالحق

اتوار 17 اگست 2025 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ صحافیوں کو تحریک آزادی کشمیر اور عام آدمی کے مسائل اجاگر کرنے پر توجہ مرکوز کرناچاہیئے۔وہ اتوار کو یہاں کشمیر پریس کلب برنالہ کے نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پروزیراعظم چوہدری انوارالحق نے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔

موسٹ سینئر وزیر کرنل(ر) وقار احمد نور اور وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ بھی موجود تھے۔وزیر اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے جس کی ہئیت ٹیکنالوجی کی ترقی کی بدولت تیزی سے بدل رہی ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نےکہا کہ بھمبر میں میڈیکل کالج میرا خواب ہے جسے انشاءاللہ پورا کریں گے ، پریس کلب کی عمارت کیلیے معاونت فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ صحافیوں کو تحریک آزادی کشمیر اور عام آدمی کے مسائل اجاگر کرنے پر توجہ مرکوز کرناچاہیئے،مثبت سوچ رکھیں اور آگے بڑھیں،منصب کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اقتدار اللہ پاک نے دیا ہے ان شاءاللہ مخلوق خدا کی خدمت کرتا رہوں گا،صحافیوں کے مسائل حل کرنے پر حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے، پریس فاؤنڈیشن کی گرانٹ بڑھا دی ہے تاکہ صحافیوں کی فلاح وبہبود یقینی بنائی جا سکے۔

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ مرکوز ہے،لوگوں کی فلاح کیلیے سرگرم عمل ہیں،آزادکشمیر میں پھیلا ہوا فکری انتشار بھمبر میں نہیں ہے،منافقت کی انتہا یہ ہے کہ جو فکری انتشار پھیلا رہے ہیں ان کی ساری جائیدادیں راولپنڈی ،اسلام آباد میں ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ 3300 کلومیٹر سڑکیں بنائی ہیں جو 77 سال کی تاریخ کا ریکارڈ ہے،پولیس کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا انہیں نئی گاڑیاں فراہم کیں تاکہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔