وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، انجینئر امیر مقام

اتوار 17 اگست 2025 21:20

شانگلہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ سیلاب سے شانگلہ میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا، وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ اتوار کو شانگلہ کے دورے کے موقع سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ شانگلہ کے عوام کے پاس وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے ہمدردی کا پیغام لے آیا ہوں، وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ کسانوں کی فصلیں، گاڑیاں، اور گھریلو سامان پانی میں بہہ گیا، سیلاب سے درجنوں دیہات کا تحصیل پورن اور الپوری سے رابطہ منقطع ہوا ہے، شانگلہ میں کئی پل اور سڑکیں سیلابی ریلوں میں بہہ گئی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی مایوس کن ہے، تین دن گزرنے کے باوجود شانگلہ کا دیگر اضلاع سے رابطہ بحال نہ ہو سکا، اگر حکومت نے سڑکیں بحال نہ کیں تو ذاتی خرچ پر راستے کھلواؤں گا۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی جلد ممکن ہوگی، ضلعی حکومت شام تک پہاڑی علاقوں کی سڑکیں بحال کرے۔