Live Updates

قدرتی آفات آنے پر ہمیں اجتماعی توبہ و استغفار کرنی چاہئے،علماء کرام

اپنے جرائم اور بد اعمالیوں کو یاد کریں، اپنی زندگیوں کو بدلنے کی کوشش کریں،امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا اہتمام کریں

پیر 18 اگست 2025 11:10

مکوآنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہدمحمود قاسمی، مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شاہ نواز فاروقی، پیر جی خالد محمود قاسمی، علامہ شبیراحمد عثمانی، میاں محمدطیب ایڈووکیٹ، علامہ سمیع اللہ حسینی،علامہ حفیظ الرحمن کشمیری نے کہا ہے کہ قدرتی آفات آنے پر ہمیں اجتماعی توبہ و استغفار کرنی چاہئے۔

اپنے جرائم اور بد اعمالیوں کو یاد کریں۔ اپنی زندگیوں کو بدلنے کی کوشش کریں۔امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا اہتمام کریں ۔ معاشرے میں برائیوں کو روکنے اور نیکیوں کو پھیلانے کی محنت کریں۔اس موقع پر مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کریں۔ان کی بحالی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ یہ ہماری دینی، قومی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

اس کا اللہ تعالی کے ہاں بہت بڑا اجر ہے۔

تباہی کے خوفناک مناظر جو دکھائے جارہے ہیں۔ سینکڑوں خاندان ہماری توجہ اور مدد کے مستحق ہیں۔اس وقت صوبہ خیبر پختونخواہ کے اکثر اضلاع سیلاب اور طوفان سے متاثر ہو چکے ہیں۔اس قدر بھیانک اور ہلاکت خیز بارشیں اور طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ کے سامنے انسان کی طاقت بھی جواب دے گئی ہے۔ یہ آفات و بلیات و مصائب و مشکلات ،طوفان، آندھی اور پانی کا سیلاب یہ سب چیزیں خدا کی قدرت سے ہوا کرتی ہیں۔

ظاہری اسباب خواہ کچھ ہوں لیکن خدا کی قدرت اور اس کی لا محدود طاقت اس کے پیچھے کار فرما ہوا کرتی ہے۔ہوا، آگ، پانی، مٹی اور پہاڑ یہ قدرت کی وہ طاقتیں ہیں جب کے سامنے انسانی عقل دہنگ رہ جاتی ہے۔اس طوفان اور سیلاب کو اللہ تعالی کی طرف سے تنبیہ بھی سمجھا جائے اور جو قوتیں اللہ پر یقین نہیں رکھتیں وہ اس کو فطرتی قوانین اور نیچرل سورسز کی کاروائی سمجھتے ہیں اور ان کے نزدیک یہ معمول کی کاروائی ہے۔ مگر ہم مسلمان اللہ تعالی پر ایمان رکھتے ہیں اور ہمارا عقیدہ ہے کہ کائنات میں کسی درخت کا ایک پتہ بھی اس کی مرضی کے بغیر حرکت نہیں کرسکتا۔ اس لئے ہم سب اس کو نیچرل سورسز کے کھاتے ڈال کر مطمئن نہیںہو سکتے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات