پاکستان کی بہترین سفارتکاری چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وطن سے محبت کا ثبوت ہے،عامر عبدالغفار لون

بدھ 20 اگست 2025 17:28

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)آزادکشمیر کے وزیر ماحولیات عامر عبدالغفار لون نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز پر مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں عامر عبدالغفار لون نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو نشان امتیاز سے نوازے جانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں دختر مشرق سابق وزیراعظم پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے بیٹے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو یہ اعزاز ملنا ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔

انھوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتہائی سمجھداری سے مودی کا اصلی چہرہ بے نقاب کیا،قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے جمہوری موقف کا دفاع کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی نوجوان نسل کو سیاست میں حصہ لینے اور ملک کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرنے کا ایک نیا جذبہ دیا ہے،پاکستان کی بہترین سفارتکاری چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وطن سے محبت کا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نشانِ امتیاز کا ملنا اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پر یقین رکھتی ہے بلاول بھٹو جمہوریت کے علمبردار اور نوجوان قیادت کی روشن علامت ہیں، عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی جرات مندانہ ترجمانی بلاول بھٹو کا نمایاں کارنامہ ہے۔انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کا اعزاز ہماری جمہوری جدوجہد کا شاندار اعتراف ہے۔