حالیہ بارشوں کے بعد کراچی کی سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں، فوزیہ صدیقی

اربوں کو بجٹ ہونے کے باوجود شہر کراچی کو کھنڈر بنا دیا گیا ہے، رہنما تحریک انصاف

جمعرات 28 اگست 2025 16:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات و ترجمان فوزیہ صدیقی نے گلبرگ ٹان، لیاقت آباد اور عزیز آباد سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں علاقہ مکینوں نے انہیں تباہ حال سڑکوں اور عوامی مشکلات سے آگاہ کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوزیہ صدیقی نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد کراچی کی بیشتر سڑکیں کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہیں اور شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود کراچی کی سڑکوں کو بہتر نہ بنایا جا سکا، لیاقت آباد، گلبرگ ٹان اور عزیز آباد سمیت کئی علاقے شدید تباہ حالی کا شکار ہیں، جبکہ ٹان انتظامیہ بھی کہیں نظر نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس 125 ان کا صوبائی حلقہ ہے جہاں عوام نے انہیں ووٹ دیا، تاہم فارم 47 میں دھاندلی کے ذریعے عوام کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا اور ایسی جماعت کو کامیاب کرایا گیا جسے عوام نے مسترد کیا۔

(جاری ہے)

فوزیہ صدیقی نے دعوی کیا کہ 90 عزیز آباد ایم کیو ایم کا مرکز ہے لیکن وہاں کے نمائندے عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں جبکہ عزیز آباد کے تمام بلاک اس وقت کھنڈر کا منظر پیش کر رہے ہیں۔فوزیہ صدیقی نے کہا شہر کراچی سندھ حکومت کا ٹیکس کی مد میں 97 فیصد روینیو دیتا ہے لیکن بدقستمی سے پیپلزپارٹی نے کراچی کو سونے کی چڑیا سمجھ کر دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے کراچی کی تباہی پیپلزپارٹی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے لیکن کرپٹ حکمرانوں نے اسے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ عوام کو پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کی سزا دی جارہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے عوام نے ہمیشہ لسانی سیاست اور قومیت کی بنیاد پر ووٹ لینے والوں کو مسترد کیا ہے، اور پاکستان تحریک انصاف ہی واحد جماعت ہے جس کے پاس کراچی کا اصل مینڈیٹ ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور انشا اللہ انصاف کی حکمرانی قائم ہوگی، کراچی کی روشنیاں دوبارہ بحال ہوں گی اور شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق دلائے جائیں گے۔