ملک میں کرکٹ کے دو بڑے ایونٹس کے حوالے سے سرگرمیاں تیز

جمعہ 29 اگست 2025 13:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) ملک میں کرکٹ کے دو بڑے ایونٹس کے حوالے سے سرگرمیاں تیز ہو گئیں۔ حنیف محمد ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں آج مختلف شہروں میں میچز کا آغاز ہوا جبکہ دوسری جانب آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہوگیاترجمان پی سی بی کے مطابق حنیف محمد ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں گروپ اے میں فیصل آباد نے لاہور بلوز کے خلاف ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، حیدرآباد نے کراچی وائٹس کے خلاف رحیم یار خان میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا، جبکہ کوئٹہ نے آزاد کشمیر کے خلاف بہاولپور میں پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

گروپ بی میں نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں فاٹا نے راولپنڈی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، سٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کراچی بلوز نے ملتان کے خلاف بیٹنگ کی دعوت دی، جبکہ یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس میں لسبیلہ ڈویژن کی ٹیم لاڑكانہ کے خلاف ٹاس ہار گئی اور لاڑكانہ نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم کے دورہ پاکستان اور آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں شروع ہوگیا ہے۔ کیمپ کے روزانہ دو سیشن ہوں گے، پہلا صبح 10 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک اور دوسرا سہ پہر 4 بجے سے ساڑھے 6 بجے تک ہوگا۔ تربیتی کیمپ 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔