Live Updates

سیلاب کی تباہ کاریاں معاشی استحکام کے لیے خطرناک ہیں، میاں زاہد حسین

اصلاحات کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں، کپاس، گندم اورتوانائی بحران حل کیے جائیں،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

جمعہ 29 اگست 2025 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، ایف پی سی سی ائی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے پاکستان کی معیشت کی موجودہ صورتحال پرایک جامع بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت استحکام کے مرحلے سے نکل کرپائیداراصلاحات کے دورمیں داخل ہوگئی ہے، جس کی عکاسی مالی سال 25-2024 کے نمایاں مثبت معاشی اشاریوں سے ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی جی ڈی پی گروتھ 2.7 فیصد رہی جبکہ فی کس آمدنی میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے، جواب 1,824 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 14 سال بعد کرنٹ اکاؤنٹ میں 2.1 ارب ڈالرکا سرپلس ریکارڈ کیا گیا ہے، جو 22 سال کی بلند ترین سطح ہے۔

(جاری ہے)

مہنگائی کی شرح بھی کم ہوکر9 سال کی کم ترین سطح 4.5 فیصد تک آگئی ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی اصلاحات کی بدولت ٹیکس ٹوجی ڈی پی ریکارڈ 10.24 فیصد پر پہنچ گیا ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ اگرچہ یہ کامیابیاں خوش آئند ہیں لیکن حالیہ سیلاب کی تباہ کاریاں معیشت کے لیے خطرناک رخ اختیار کر رہی ہیں جن کے ازالے کے لیے معاشی اصلاحات کے حقیقی ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے موثر حکمتِ عملی ضروری ہے۔ میاں زاہد حسین نے پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ ظاہرکرتا ہے کہ زمینی حقائق اورقومی سطح کے معاشی اشاریوں کے درمیان فرق اب بھی موجود ہے۔

اس کے علاوہ ٹیکسٹائل سیکٹرکوتوانائی کی بلند قیمتوں اور کپاس کی شدید کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے، جو امریکی ٹیرف میں کمی کے باوجود اس کی برآمدی کارکردگی کو متاثر کر رہے ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ مثبت معاشی رجحان کو برقرار رکھنے کے لیے آئی ٹی، معدنیات اور ویلیوایڈیڈ ٹیکسٹائل جیسے اہم شعبوں پرخصوصی توجہ دینا ہوگی، ساتھ ہی معاشی فوائد کی مساوی تقسیم کویقینی بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آگے کا راستہ ایسی متوازن حکمتِ عملی میں ہے جواوپرسے کی جانے والی اصلاحات کے ساتھ عوامی سطح پر در پیش مسائل کوبھی حل کرے، تاکہ معیشت کی ترقی پائیداراورخطرات سے محفوظ رہے۔ میاں زاہد حسین نے کراچی میں پاکستان اسٹیل ملزکی زمین پرانڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کی منظوری کوسرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات