Live Updates

شدید سیلابی صورتحال کے باوجود میپکو نے ترسیلی نظام فعال رکھا ہوا ہے، وزیر مملکت برائے توانائی

جمعہ 29 اگست 2025 21:50

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء) وزیر مملکت برائے توانائی عبدالرحمان خان کانجو نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب اس وقت چار دریاو?ں میں طغیانی کے باعث شدید سیلاب کی صورتحال سے دوچار ہیتاہم میپکو نے ترسیلی نظام کو فعال رکھا ہوا ہے اور صرف ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کی ہے جہاں انسانی جانوں یا تنصیبات کو خطرات لاحق ہیں۔

میپکو ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کا 49 فیصد حصہ میپکو کے دائرہ کار میں آتا ہے، وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق آخری متاثرہ فرد کی بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی،میپکو کی ٹیمیں دن رات سیلاب متاثرہ علاقوں میں متحرک ہیں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ریلیف اور بجلی بحالی کے کاموں میں شریک ہیں۔

(جاری ہے)

عبدالرحمان کانجو نے کہا کہ آنے والے تین روز نہایت اہم ہیں کیونکہ جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں سے بڑے سیلابی ریلے گزرنے کی توقع ہے۔ انہوں نے شہریوں کو تنبیہ کی کہ وہ سیلابی علاقوں اور بجلی کی تنصیبات کے قریب نہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے آبی جارحیت کی ہے،زیادہ ڈیمز ہونے کے باوجود وہ بھی سیلاب سے محفوظ نہیں رہ سکا،موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سب سے زیادہ پاکستان پر مرتب ہو رہے ہیں حالانکہ گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔

وزیر توانائی نے مزید بتایا کہ سیلاب کے باعث جنوبی پنجاب میں 63 فیڈرز کی شاخوں سے بجلی کی فراہمی بند کی گئی ہے جس سے 216 دیہاتوں کے 734 ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر متاثر ہوئے ہیں،اس کے نتیجے میں تقریباً 47 ہزار 264 صارفین کی بجلی معطل ہوئی ہے جو میپکو کے کل صارفین کا صرف 0.62 فیصد ہے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے صحافیوں کو بتایا کہ ریجن کے 11 اضلاع میں صرف متاثرہ علاقوں کی برانچز بند کی گئی ہیں جبکہ دیگر تمام علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔

ملتان، مظفرگڑھ، وہاڑی، بہاولپور، لودہراں، پاکپتن، بہاولنگر، ساہیوال، خانیوال، رحیم یار خان اور کوٹ ادو میں سیلابی پانی کے پیشِ نظر بجلی کی فراہمی کی قریبی نگرانی کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہاڑی میں 132 کے وی ساہوکا گرڈ سٹیشن کو محفوظ بنانے کے لئے حفاظتی بند باندھا گیا ہے،سیلاب زدہ علاقوں میں میپکو اہلکار ریلیف کیمپوں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں پیش پیش ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات