سید علی گیلانی بارہ سال تک پابند سلاسل رہے اور شہادت کا عظیم مرتبہ حاصل کیا،وزیراعظم آزاد کشمیرچوہدری انوارالحق

پیر 1 ستمبر 2025 17:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی بارہ سال تک پابند سلاسل رہے اور شہادت کا عظیم مرتبہ حاصل کیا،بھارتی فوج ان کے جسد خاکی سے بھی اس قدر خوفزدہ تھی کہ ان کی نماز جنازہ ادا نہیں کرنے دی گئی،اس مرد مجاہد کا نعرہ "ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے" آج ہر کشمیری کا نعرہ ہے۔

پیر کو وزیر اعظم انوار الحق نے اسلام آباد مانومینٹ پر سید علی گیلانی کارنر کا دورہ کیا۔ چوہدری انوارالحق نے اسلام آباد مانومینٹ پر سید علی گیلانی کارنر کا معائنہ کیا اور بابائے حریت کی زیر استعمال چیزیں دیکھیں۔اس موقع پر وزراء حکومت چوہدری رشید،احمد رضا قادری ،حریت قیادت ،یونیورسل بشپ کونسل کے ارکان ،سیاسی و سماجی رہنماء اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم انوار الحق نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان مونومنٹ کے مقام پر ایسے مرد حریت کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں جنہوں نے ایک صدی پر محیط اپنی زندگی کا غالب حصہ آزادی کی جدوجہد میں گزارا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ سید علی گیلانی بارہ سال تک پابند سلاسل رہے اور شہادت کا عظیم مرتبہ حاصل کیا،بھارتی فوج ان کے جسد خاکی سے بھی اس قدر خوفزدہ تھی کہ ان کی نماز جنازہ ادا نہیں کرنے دی گئی،اس مرد مجاہد کا نعرہ "ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے" آج ہر کشمیری کا نعرہ ہے۔

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ آج اس مقام پر ان کے نام سے موجود ایک کارنر تشکیل دیا گیا جس میں ان کے زیر استعمال چیزیں موجود ہیں،سید علی گیلانی کارنر میں وہ جائے نماز جس پر وہ نماز پڑھتے تھے ، اور وہ قرآن پاک جس کا وہ مطالعہ کرتے تھے موجود ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ جو قومیں اپنے اسلاف کو بھول جاتی ہیں وہ زندہ نہیں رہتیں،وہ خواب جو سید علی گیلانی کی زندگی میں تشنہ رہا اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلیے ہم تحریک آزادی کشمیر سے مکمل طور پر جڑے رہیں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آج جس دلیر ،جری، بہادر اور نڈر مرد مجاہد کی یاد میں ہم اکٹھے ہوے ہیں جہاد فی سبیل اللہ پر ان کا یقین پختہ تھا،انشاءاللہ تحریک تکمیل پاکستان کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ نریندر مودی کو بتانا چاہتا ہوں کہ تمہاری درندہ صفت بھارتی فوج اگر مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے باز نہ آئی تو بھارتی فوج کو اندر گھس کر ماریں گے،بلکہ اس دفعہ وہاں مقیم بھی رہیں گے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں،پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کا عزم ہے کہ کشمیر کیلیے تین جنگیں لڑی ہیں سات اور لڑیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادی کی جو شمع سید علی گیلانی نے اپنے خون کا چراغ جلا کر روشن کی تھی ہم نے اسے بجھنے نہیں دینا۔اس موقع پر پاکستان زندہ باد ،پاک فوج زندہ باد ،ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے،شہدائے کشمیر و پاک فوج اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔