Live Updates

بھارتی آبی جارحیت کے خلاف قوم ایک بار پھر سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی، لالہ شرافت خان شانی

بدھ 3 ستمبر 2025 17:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء) پاکستان فٹ بال کے نامور آفیشل لالہ شرافت خان نیازی شانی نے کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ معرکہ حق کی طرح قوم ایک بار پھر بھارتی آبی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔ وہ پنجاب کے علاقے بھاول پور، لاہور، ملتان، قصور کے معززین اسپورٹس عہدیداروں کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔

لالہ شرافت خان نیازی شانی نے کہا کہ حالیہ سیلابی صورتحال نے قوم کو افسردہ کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا یہ قدرتی آفت یا ماحولیاتی تبدیلی نہیں بلکہ بھارت نے بطور ہتھیار استعمال کیا۔ اچانک لاکھوں کیوسک پانی چھوڑ کر سندھ طاس معاہدے کی دھجیاں بکھیردیں۔ لالہ شرافت خان نیازی شانی نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں معمول بن گئیں۔

(جاری ہے)

ہم ہر تین سال بعد آنے والی سیلابی صورتحال سے جاگتے ہیں ، وقتی اقدامات کرکے پھر غفلت کی نیند یں سوجاتے ہیں۔ یہ ہمارا قومی المیہ ہے۔ ملک میں ڈیمز بنانے کی باتیں گالی بنادی جاتی ہیں۔ مفادات، صوبائیت، نفرتوں کا پنڈورہ باکس کھول دیا جاتا ہے۔ لالہ شرافت خان نیازی شانی نے کہا نئے ڈیم پاکستان کی ناگزیر ضرورت ہیں۔ اگر نئے ڈیمز کی تعمیر میں سنجیدگی نہ دکھائی گئی تو مستقبل قریب میں یہ معاملہ قومی المیہ کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔

لالہ شرافت خان نیازی شانی نے کہا کہ پاکستان آج بھی حالت جنگ میں ہے۔ محلاتی چومکھی عالمی ریشہ دوانیاں، سازشیں پاکستان کا مقدر بنادی گئیں۔ سرحدوں کے علاوہ دریائوں پر بھی دشمن کا جال بنا ہوا ہے۔ پانی وطن عزیز کی رگ حیات ہے۔ حکمرانوں اور قوم کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات