Live Updates

معاشی ترقی کے ساتھ اندرونی بحرانوں پرفوری قابوپانے کی ضرورت ہے،میاں ز اہد حسین

بدھ 3 ستمبر 2025 22:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلز فورم اور آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، ایف پی سی سی آئی کی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے نشاندہی کی ہے کہ بین الاقوامی سطح پرحاصل ہونے والی کامیابیوں اور اندرونی چیلنجزکے درمیان تضادات نمایاں ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی محاذ پر حوصلہ افزا کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، خصوصا وزیرِاعظم میاں شہبازشریف کا ایس سی او سمٹ بیجنگ کا کامیاب دورہ، جس نے روایتی سی پیک فریم ورک سے ہٹ کرچین کے ساتھ معاشی شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغازکیا ہے۔ استحکام سے معاشی ترقی کی طرف پیش قدمی اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کی 150,000 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح عبور کرنا ایک مضبوط اورمثبت معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے واضح کیا کہ یہ مثبت رفتار پہلے صوبہ خیبر پختون خوا میں سیلاب اور اب پنجاب میں تاریخ کے سب سے بڑے اورتباہ کن سیلاب کی وجہ سے دب گئی ہے اس سیلاب سے دوملین سے زائد افراد متاثرہوئے ہیں جبکہ یہ تباکن سیلاب اب صوبہ سندھ میں داخل ہو رہا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ ملک کے زرعی مرکزمیں فصلوں کوہونے والا وسیع پیمانے پرنقصان غذائی تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہے اور یہ ضروری اشیائے خورونوش جیسے آٹے، سبزیوں وغیرہ کی قیمتوں میں اضافہ کرسکتا ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ پنجاب حکومت کی بھرپور اور بروقت ریلیف مہم کے باوجود بے گھرہونے والے خاندانوں کی زمینی صورتحال فوری اور مزید مثراقدامات کی متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی قومی AI پالیسی کی تشکیل اور 5G اسپیکٹرم آکشن قابلِ ستائش اقدامات ہیں، میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کا سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ انکی جدید اور دور رس معاشی پالیسیوں کے عملی نتائج کیسے حاصل کریں۔

انہیں یقینی بنانا ہوگا کہ حکومت کی سفارتی کامیابیاں اندرونی بحرانوں اور بیوروکریٹک رکاوٹوں کی وجہ سے ناکامی سے دو چار نہ ہوں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ کاروباری برادری ان مسائل کوحل کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کے لیے تیارہے تاکہ ترقی کے لیے متحد اورمضبوط حکمتِ عملی اپنائی جاسکے۔ اسی صورت میں ہم اصلاحات کے تسلسل کو برقرار رکھ سکتے ہیں اور اندرونی بحرانوں کے مثرحل کے ذریعے پاکستان کے لیے ایک پائیداراورطویل المدتی ترقی کویقینی بنایا جا سکتا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات