Live Updates

پاکستان اور ترکی حقیقی بھائی ثابت ہوئے، قونصل جنرل

بدھ 3 ستمبر 2025 22:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء) جمہوریہ ترکیہ کے قونصل جنرل ڈاکٹر جمال سانگو نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ حقیقی بھائیوں سے بڑھ کر ہیں، دونوں ممالک کے عوام نے یہ بات خطے میں جنگ کے دوران، پاکستان میں قدرتی آفات یا سیلاب اور ترکیہ میں زلزلے کے وقت ثابت کی ہے۔وہ اسٹیٹ گیسٹ ہاس میں وزارتِ خارجہ کے لائژن آفس کراچی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عرفان سومرو کی جانب سے دیے گئے الوداعی ہائی ٹی استقبالیے میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

استقبالیے میں سابق گورنر و وفاقی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر، کئی سابق سفرا، وزارتِ خارجہ کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سعدیہ گوہر خانم، آفیسر مریم، نمایاں شخصیات، بڑی تعداد میں کراچی میں تعینات سفارتکار، بزنس مین اور صنعتکار شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی جی عرفان سومرو اور ڈپٹی ڈی جی محترمہ سادیہ گوہر خانم نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر جمال سانگو نے اپنی تعیناتی کے دوران کے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا:میں نے سندھ اور بلوچستان کے لیے قونصل جنرل کی حیثیت سے اپنے دور میں اورنگی، کورنگی، بلدیہ ٹان، نیو کراچی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، لیاری اور اندرونِ سندھ کے کئی علاقوں کا دورہ کیا۔ مجھے کبھی بھی سفارتکاروں کے لیے کسی قسم کے سیکیورٹی خدشات محسوس نہیں ہوئے، میں عوام میں گھلا ملا رہا اور ہر جگہ آزادانہ گھوما۔

کراچی بہترین اور سب سے محفوظ جگہ ہے، یہاں کے لوگ نہایت دوستانہ اور مہمان نواز ہیں۔ مغربی میڈیا کا پاکستان اور کراچی کے بارے میں منفی پروپیگنڈا غیر منصفانہ اور بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا:میرا ترکیہ میں صرف ایک گھر ہے لیکن کراچی میں میرے کئی گھر ہیں۔تقریب کے اختتام پر سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل کو روایتی سندھی اجرک، ٹوپی اور شیلڈ پیش کی گئی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات