روسی صدر سے متعلق سوال پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صحافی پر برہم، نئی نوکری تلاش کرنے کا مشورہ

جمعہ 5 ستمبر 2025 10:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں روسی صدر سے متعلق سوال پر ایک صحافی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے نئی نوکری تلاش کرنے کی ہدایت کردی۔ العربیہ اردو نے اخبار ’’دی ہل‘‘ کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ پولش ریڈیو کے رپورٹر مارک والکوسکی نے امریکی صدر سے یہ سوال کیا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے اقدامات پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرنے کے باوجود ان کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کر رہے۔

جس پر امریکی صدر نے جواب میں کہا کہ امریکا نے بھارت پر 25 فیصد ٹیکس لگایا۔ اس کے علاوہ روسی تیل کی مسلسل خریداری کی وجہ سے مزید 25 فیصد کا ٹیکس لگایا جس سے اگست کے آخر سے کل ٹیکس 50 فیصد ہو گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے ابھی تک ان پابندیوں کا دوسرا یا تیسرا مرحلہ شروع نہیں کیا ہے۔ اگر آپ کہتے ہیں کہ کوئی کارروائی نہیں ہے تو میرا خیال ہے کہ آپ کو ایک نئی نوکری تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ تنازع روس پر اس کے تجارتی شراکت داروں، خاص طور پر بھارت کو نشانہ بنا کر دباؤ ڈالنے کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی کا حصہ ہے تاکہ روس کی توانائی کی برآمدات سے ہونے والی آمدنی کو کم کیا جا سکے۔ امریکی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ اگر یوکرین میں جنگ امن کی طرف پیش رفت کے بغیر جاری رہتی ہے تو ان کی انتظامیہ کے پاس اضافی اختیارات ہیں جن میں پابندیوں کے نئے مراحل شامل ہیں۔ امریکی صدر نے پولینڈ میں اپنی فوجی موجودگی کو برقرار رکھنے کے اپنے ملک کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر فوجیوں کی تعداد بڑھانے کے امکان کے ساتھ روس کو ایک واضح پیغام دیا کہ امریکا اپنے یورپی اتحادیوں کی سکیورٹی کو مضبوط کرنے کے لئے پرعزم ہے۔