ستمبر کا پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع اور شہیدوں اور غازیوں کی قربانیوں کی ایک زندہ مثال ہے،سردار عتیق

جمعہ 5 ستمبر 2025 14:37

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا ہے کہ 6ستمبر پاکستان کی تاریخ کااہم دن ہے۔چھتر ستمبر یوم دفاع پاکستان اس تاریخی واقعے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان کے عوام اور بہادر افواج نے متحد ہو کر دشمنوں کو دھول چٹائی تھے۔یہ پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع اور شہیدوں اور غازیوں کی قربانیوں کی ایک زندہ مثال ہے۔

6ستمبر کو یوم دفاع کے موقع پرا پنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت ایک مکار دشمن ہے۔ جس نے مشکل پڑتے ہی پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کی اور مشکل نکلتے ہی پاکستان کے خلاف سازشیں کرنا بھارت کاوطیرہ ہے۔1965میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تحریک مزاحمت سے زچ ہو کر بھارت نے بین الاقوامی سرحد پرحملہ کیا مگر بھارت کامقابلہ ایسی قوم سے ہوا جو جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے ہمہ وقت سرشار رہتی ہے۔

(جاری ہے)

میجر عزیز بھٹی اور ایم ایم عالم اور ایئرمارشل اصغر خان جیسے بہادر سپوتوں نے جرات اور بہادری کی نئی مثالیں قائم کیں۔ 6ستمبر ان غازیوں،شہداء اور بہادر پاکستانی عوام کے جذبوں اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا اور بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں لاہور پرحملہ کیا تھا مگر پاکستان کی مسلح افواج اور شہیدوں نے تعاون کا بے مثال مظاہرہ کر کے ہندستان کے منصو بے کوخاک میں ملا دیا تھا۔

پاک فوج کے جوان جسموں پر بم باندھ کر بھارتی ٹینکوں کے آگے لیٹ گئے تھے۔پاک فوج اور عوام کے اس جذبے نے ہندوستانی منصوبوں کو ناکام بنایا اور ثابت ہوگیا تھا کہ پاکستان کادفاع ناقابل تسخیر ہے۔ دشمن آج بھی آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے باے میں اپنے ناپاک عزائم کا اظہار کرتا ہے مگر عوام افواج پاکستان کے ساتھ مل کر کسی بھی جارح کے لئے اس خطے کو قبرستان بناسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم اور فوج یک جان اور دو قلب ہین اور رہیں گے۔