Live Updates

بلاول بھٹو زرداری نے گورنر پنجاب کی طرف سے سیلاب زدگان کی بحالی کے ریڈ کریسنٹ کو ایک کروڑ کا چیک دیا

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی طرف سے سیلاب زدگان کی بحالی کے ریڈ کریسنٹ کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت اور میں ایک پیج پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بڑے دکھ اور افسوس کی بات ہے کہ اس سال آنے والا سیلاب پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو ساری زندگی کے غم دے گیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ جب تک سیلاب متاثرین اپنے گھروں کو لوٹ نہیں جاتے پیپلزپارٹی ان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ریڈ کریسنٹ کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگائے جارہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ راشن،دوائیاں اور کھانے پینے کی اشیا بھی مہیا کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

گورنرپنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر سیلاب زدگان کی بحالی کا عمل جاری رہے گا۔

دریں اثنا، گورنر پنحاب سردار سلیم حیدر خان نے عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم محسن انسانیت، رحمت للعالمین ،خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کی خوشی منا رہے ہیں۔یہ وہ مبارک دن ہے جب رب کائنات نے محبوب کائنات حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا اور ساتھ ہی ختم نبوت کی مہربھی ثبت کر دی۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر عمل دنیا اور آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔ نبی آخرزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے امن، برداشت اور احترام انسانیت کا درس دیا۔ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے محسن انسانیت ہیں۔ انہوں نے معاشرے کے مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کو حقوق دیے۔ آج کے دن ہمیں یہ عہدکرنا ہے کہ ہم نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کریں گے۔

اللہ تعالی ہمیں آپﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔علاوہ ازیں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے کہ جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔6ستمبر 1965کو افواج پاکستان نے جس جذبے اور جرات کا مظاہرہ کیا دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔

اس کامیابی میں پوری قوم نے جس اتفاق اور وطن سے محبت کا اظہار کیا اور یکجا ہو کر افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کو شکست دی وہ ملک کی تاریخ کا روشن باب ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر قوم متحد ہو تو کوئی بھی دشمن پاکستان کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اقوام عالم اس بات کی شاہد ہے کہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل اور نازک وقت میں وطن کے دفاع اور بقا کے لیے کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا اور پوری قوم ایک اکائی کی صورت میں ہمیشہ متحد رہی ہے۔

6ستمبر کا دن اس بات کی گواہی ہے کہ ملک پہ جب بھی کوئی مشکل وقت آیا اس قوم نے وطن عزیز کے استحکام و دوام کو اپنے باہمی اختلافات اور مفادات پر ہمیشہ ترجیح دی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آج ملک سیلاب کی ہولناکیوں اور تباہ کاریوں سے دو چار ہے ہمیں اس موقع پر اسی جذبے کا مظاہرہ کرنا ہے اور ایک قوم بن کر سوچنا ہے۔ ہمیں اپنے سیلاب زدگان بہن بھائیوں کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانا ہے اور مصیبت زدگان کی ہر ممکن مدد کرنی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات