حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام یوم دفاع کے حوالے سے تقریب ، 6 ستمبر 1965ء کے شہدا کو شاندار خراجِ عقیدت

ہفتہ 6 ستمبر 2025 19:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے یوم دفاع پاکستان پر اسلام آباد میں اپنے دفتر میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کی صدارت سنیئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی نے کی جبکہ معروف عسکری تجزیہ نگار جنرل(ر) جاوید اسلم طاہر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جنرل(ر) زاہد محمود نے 6 ستمبر 1965ء کے شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا تو پاک افواج اور عوام نے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔

پاکستان کے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دشمن کو وہ تاریخی اور دندان شکن جواب دیا جو آج بھی عسکری تاریخ کے سنہری باب کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر محض ایک دن نہیں بلکہ یہ قومی غیرت، بہادری اور ایثار کی علامت ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب دشمن کی توپوں اور ٹینکوں نے لاہور پر یلغار کی تو پاکستانی قوم اور اس کی مسلح افواج نے اتحاد و ایمان کے ساتھ دشمن کو نہ صرف پسپا کیا بلکہ اسے ایک عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔

جنرل(ر) زاہد محمود نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور ہماری قومی سلامتی کا بنیادی مسئلہ ہے۔ اگر ہمیں بھارت سے کسی محاذ پر لڑنا ہے تو وہ صرف اور صرف کشمیر پر ہے، کیونکہ یہ ہماری تکمیلِ پاکستان کا لازمی حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی کھلم کھلا پشت پناہی کر رہا ہے، تاکہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کیا جائے۔

لیکن ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہم کشمیر کے شہداء ، افواجِ پاکستان کے غازیوں اور اپنے عوام کی عظیم قربانیوں کے مقروض ہیں۔اس موقع پر صدر تقریب محمد فاروق رحمانی نے اپنے خطاب میں مہمانوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام ہمیشہ سے پاکستان کی بقا، سلامتی اور دفاع کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ کشمیری عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ شہداء پاکستان کو اپنے شہداء تصور کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح افواجِ پاکستان نے وطن عزیز کا دفاع کیا، اسی طرح کشمیری عوام بھی اپنے حقِ خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔تقریب کے اختتام پر شہدائے پاکستان، شہداء کشمیر اور عالمِ اسلام کے تمام شہداء کے درجات کی بلندی اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے جلد آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب میں میجر جنرل (ر)زاہد محمود ، ،ریٹائرڈ بریگیڈئر الطاف حسین،ریٹائرڈ بریگیڈیئر سردار سجاد حسین ، ریٹائرڈ بریگیڈیئر رؤف، ریٹائرڈ بریگیڈیئر زرین ، ریٹائرڈ کرنل فاروق، ریٹائرڈ کرنل امتیاز،ریٹائرڈ میجر جمیل ، سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر ، سہدیوسف نسیم،میر طاہر مسعود ، سید فیض نقشبندی پرویز احمد ،خطیب حسین ،شمیم شال ،شیخ عبدالمتین ، شیخ یعقوب ، جاوید اقبال بٹ ،حاجی محمد سلطان ، نثار مرزا، داؤد خان،راجہ شاہین،اعجاز رحمانی ،امتیاز وانی،میاں مظفر، عبد المجید لون، محمد شفیع ڈار ، محمد اشرف ڈار ،سید گلشن،منظور احمد ڈار، شیخ عبد الماجد ،منظور احمد شاہ،عدیل مشتاق، زاہد مجتبیٰ ،نذیر احمد،خورشید میر، کرناہی ،شوکت حسین بٹ، رئیس میر ، خالد شبیر، امتیاز بٹ ، عبد الرشید بٹ ، غلام نبی بٹ ،قاضی عمران ، مشتاق احمد بٹ اور دیگر نے شرکت کی۔