ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ؐ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

ہفتہ 6 ستمبر 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) ملک بھر میں ہفتہ کو جشن عید میلاد النبیؐ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، ملک بھر میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے عبادات، جلوسوں اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد امت مسلمہ کے اتحاد اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم گہرے مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔ اس موقع پر دعاؤں، جلوسوں اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے 1500ویں یوم ولادت کی یاد منائی گئی۔مرکزی جلوس توغی روڈ پر واقع میاں اسماعیل مسجد سے شروع ہوا جس کی قیادت معروف عالم دین علامہ شہزاد عطاری اور دیگر علمائے کرام نے کی۔

(جاری ہے)

شرکاء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے جلوس کی کڑی نگرانی کی گئی اور شہر بھر میں پولیس، فرنٹیئر کوراور بلوچستان کانسٹیبلرکے تقریباً 4,000 اہلکار تعینات کئے گئے۔سکھر میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے 1500ویں یوم ولادت کے موقع پر جشن عید میلاد النبیؐ انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ ایک عظیم الشان جلوس نکالا گیا، جس میں لاکھوں افراد نے جوش و خروش سے شرکت کی اور پورے شہر کو عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے منور کر دیا۔

سرگودھا میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے 1500ویں یوم ولادت کے موقع پر جشن عید میلاد النبیؐ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ترجمان کے مطابق ایک عظیم الشان جلوس سمیت مجموعی طور پر 18 جلوس نکالے گئے، جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی جنہوں نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ پورے شہر کو عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے منور کیا۔جلوس کا آغاز کمشنر جہانزیب خان اعوان کے دفتر سے ہوا اور شاہین چوک پر اختتام پذیر ہوا جہاں کمشنر سرگودھا اور ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) سرگودھا محمد وسیم سمیت نامور علماء کرام نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فضائل اور تعلیمات بیان کیں اور شرکاء کے دلوں کو ایمان و محبت سے بھر دیا۔

ہری پور میں عید میلاد النبیؐ کا مرکزی جلوس مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ نکالا گیا جو دارالعلوم اسلامیہ رحمانیہ میں پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ مرکزی جلوس صبح دارالعلوم اسلامیہ رحمانیہ سے برآمد ہوا اور سرکلر روڈ (مغربی)، مین بازار اور جی ٹی روڈ سے ہوتا ہوا واپس اپنے نقطہ آغاز پر پہنچا۔ جلوس میں ہری پور شہر، ملحقہ دیہات اور نواحی علاقوں سے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جس سے شہر بھر میں جشن کا سماں بن گیا۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے 1500ویں یوم ولادت کے موقع پر بہاولپور بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم روایتی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے بڑے جلوس نکالے گئے اور محافل کا انعقاد کیا گیا، جن میں شرکاء نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ مساجد، گلیوں اور عمارتوں پر چراغاں کیا گیا جبکہ بینرز اور سبز جھنڈیوں نے شہر کو سجا دیا گیا۔

مرکزی اجتماع میلاد چوک اور سیرانی مسجد سے نکالا گیا۔ دونوں اجتماعات گلزار صادق میں اختتام پذیر ہوئے جہاں ایک بڑی میلاد کی محفل منعقد ہوئی۔مرکزی میلاد کمیٹی نے کلاک ٹاور چوک میں 1500ویں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو انتہائی مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منانے کے لیے کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر نے میلاد کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ تقریب میں کیک کاٹا جبکہ اس موقع پر سابق ایم پی اے میاں طاہر جمیل، منیر احمد نورانی اور الحاج شیخ ظہیر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اے سی سٹی عادل عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا و آخرت کی حقیقی کامیابی سنت نبوی ﷺ پر عمل پیرا ہونے میں ہے جو آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے گہری محبت ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ؐ صبر، برداشت، امن اور محبت کا درس دیتی ہے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 12 ربیع الاول کے پرمسرت موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں، پاکستانی عوام اور بالخصوص صوبے کے محب وطن شہریوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔

اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ اللہ کے آخری رسول حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت نہ صرف امت مسلمہ کے لیے باعث رحمت ہے بلکہ پوری انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت اور نجات کا ذریعہ ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی حیات طیبہ ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج 12 ربیع الاول ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا یوم ولادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت دنیا بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم منائی جا رہی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہامیں نے آج ملیر میں عید میلاد النبی ؐ کے سلسلے میں جلوس میں شرکت کی۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ہمیں اپنے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید میلادالنبی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم اور امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول وہ مقدس دن ہے جب اس عظیم شخصیت نے جنم لیا جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا "اور ہم نے آپ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔

"وزیر داخلہ نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادت با سعادت سے دنیا نے روشنی دیکھی، اندھیروں کا خاتمہ ہوااور انسانیت نے عدل و رحمت کا صحیح مفہوم دریافت کیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت وہ تابناک لمحہ تھا جب آسمان کے دروازے کھلے، زمین پر رحمتیں نازل ہوئیں اور کائنات کا ہر ذرہ منور ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ صادق اور امین کی حیثیت سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ مکرمہ کے بے رحم ماحول میں دیانت اور امانت کا چراغ روشن کیا۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے معاشرے کی اصلاح اور اخلاقی بہتری کی طرف رہنمائی کرنے میں علمائے کرام اور روحانی پیشوا کے اہم کردار کو سراہا۔ یہاں کنونشن سینٹر میں بین الاقوامی سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کا حصہ بننے پر اظہار تشکر کیا۔

سردار یوسف نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات عالمگیر ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ غیر مسلموں کو بھی امن اور سچائی کی دعوت دی ہے۔کانفرنس میں بچوں کی شمولیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی شرکت کا مقصد ان کی اخلاقی تربیت اور تعلیم ہے۔ انہوں نے فلسطین، بحرین، مصر اور بنگلہ دیش سے آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایمان ہمیں سکھاتا ہے کہ پاکستان اور فلسطین ایک ہیں۔

ہفتہ کو عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے پوری پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات میں تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے آپ کے ارشاد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے عید میلاد النبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات ہدایت کی روشنی اور نجات کا واحد راستہ ہے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ہفتہ کو لاہور میں محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر صوبے بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

مرکزی کنٹرول روم سے جامع نگرانی کے نظام کے ذریعے پنجاب بھر میں 2306 جلوسوں اور 601 میلاد اجتماعات کی مانیٹرنگ کی گئی ۔اپنے دورے کے دوران سیکرٹری نے صوبے کے مختلف اضلاع میں کنٹرول رومز سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے رابطہ قائم کیا تاکہ زمینی انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ پنجاب بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔

قبل ازیں عید میلاد النبی کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکموتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مسلح افواج کے نوجوانوں نے نبی کریم ﷺ کی خدمت میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ ملک بھر کی مساسجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ملک و ملت کی ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اسی پاک فوج، نیوی اور فضائیہ نے بھی ملک بھر کے مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا ، شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور ان کی بلندی درجات ، قوم و وطن کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔