Live Updates

اتوار کی رات سے 9 ستمبر کے دوران شدید بارشوں کے باعث میرپورخاص، شہید بینظیر آباد،حیدرآباد،دادو اور کراچی کے نشیبی /ساحلی علاقے زیر آب آنے کاخدشہ ،محکمہ موسمیات

اتوار 7 ستمبر 2025 18:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ اتوار کی رات سے منگل9 ستمبر کے دوران شدید بارشوں کے باعث میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، حیدرآباد،دادو اور کراچی کے نشیبی /ساحلی علاقے زیر آب آنے کاخدشہ ہے، حب ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے۔

اس دوران پنجاب اور سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

8سے 9 ستمبر کے دوران ڈیرہ غازی خان اور اس سے ملحقہ بلوچستان کے مشرقی/جنوبی حصے اور کِیرتھر کے پہاڑی سلسلہ (دادو )کے مقامی / برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔اس دوران بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ بھی ہے۔

شدید بارشوں /آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے ، کمزور انفرا سٹرکچر کو نقصان کا اندیشہ ہے۔مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر کے دوران زیادہ محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے موسم کے بارے میں آگاہی حاصل کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات