Live Updates

بی جے پی حکومت سکھ کمیونٹی سے انتقام لینے کے لئے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے لگی

پیر 8 ستمبر 2025 14:27

چندی گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)بھارتی ریاست پنجاب میں تباہ کن سیلاب سی1,300سے زائد دیہات پانی میںڈوب گئے اور 3.75 لاکھ ایکڑاراضی پر موجودفصلیں تباہ ہوگئیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سکھوں کی اکثریت والی ریاست میں لوگ شدید غم وغصے کا اظہارکرتے ہوئے کہتے ہیں کہ مودی کی زیرقیادت بی جے پی حکومت سکھ کمیونٹی سے انتقام لینے کے لئے پانی کو ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کررہی ہے۔

سمیوکت کسان مورچہ سمیت سکھ کسانوں کی یونینوں نے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بھاکڑا بیاس مینجمنٹ بورڈ نے جان بوجھ کر ڈیم کا پانی اس طرح چھوڑدیا کہ پنجاب کو تباہ کیا جائے جبکہ بی جے پی کے زیر اقتدارریاستوں ہریانہ اور راجستھان کو محفوظ رکھا گیا۔

(جاری ہے)

کسانوں نے کہاکہ یہ قدرتی آفت نہیںبلکہ انسانی لاپرواہی اور سیاسی سازش ہے،کیونکہ ہزاروں خاندانوں کے گھر، فصلیں اور مویشی ضائع ہو گئے۔

سوشل میڈیا ایسے الزامات سے بھراہواہے کہ دہلی نے پنجاب کو کمزور کرنے کے لیے جان بوجھ کر سیلابی صورتحال پیدا کی جبکہ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھارت نے پانی کوسکھوں کے خلاف بطورہتھیار استعمال کرنے کی دھمکیاں دی ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھگونت مان کی زیر قیادت پنجاب حکومت کو بے اختیار اور مرکزی حکومت کی کٹھ پتلی کے طور پر دیکھا جاتا ہے اوراس سے لوگوں کا غصہ مزید بڑھ جاتا ہے۔

دھوکہ دہی کے اس ماحول میں نوجوان سکھ رہنما امرت پال سنگھ مزاحمت اور امید کی ایک کرن بن کر ابھرے ہیں جو ایک ایسی نسل کی نمائندگی کر رہے ہیں جو دہلی کی استحصالی پالیسیوں کے خلاف کے مزاحمت اور پنجاب کی بقا اور وقار کا تحفظ چاہتے ہیں۔ پنجاب میں لوگوں کی خاموش شکایب اب بھار ت کے لئے ایک کھلا چیلنج بن گئی ہے جبکہ بھارت کے لئے پانی ایک ہتھیار اور پنجاب میدان جنگ بن گیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات