Live Updates

سعودی سفیر اور چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سیدمحمد عبدالخبیر آزاد کی ملاقات ، پاک سعودی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور بارے تبادلہ خیال کیا

منگل 9 ستمبر 2025 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سیدمحمد عبدالخبیر آزاد کے درمیان منگل کو ملاقات ہوئی جس میں پاک سعودی تعلقات،وحدت اُمت،مذہبی ہم آہنگی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاک سعودی دوستی کوہ ہمالیہ سے بلند ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی ہر مشکل گھڑی میں مدد کی ،دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب متاثرین کے لئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان کا پاکستان میں سیلاب متاثرین کی دل کھول کر امداد کرنا پاک سعودی تعلقات اور محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے، سعودی عرب اور سعودی عوام کے تہہ دل سے ممنون و مشکور ہیں، سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے۔

(جاری ہے)

مولانا عبدالخبیر آزاد نے سعودی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُمت مسلمہ کو اتحاد ووحدت کی اشد ضرورت ہے، سعودی عرب کا استحکام اور سلامتی پاکستان کا استحکام اور سلامتی ہے۔

سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان ایک جسم کی مانند ہیں اور ہم پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے اور جن چیلنجز کا سامنا ہے اس مشکل کی گھڑی میں سعودی عرب اس کے ساتھ ہے،میں نے سیلاب متاثرین کےلئے خادم الحرمین شریفین کی طرف سے دیا گیا سامان وزیراعلیٰ پنجاب کے سپرد کیا تاکہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں میں اس کو تقسیم کیا جائے۔

اس موقع پر سعودی سفیرنواف بن سعید المالکی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سیلاب متاثرین کےلئے خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔آخرمیں نواف بن سعید المالکی نے مولانا سیدمحمدعبدالخبیر آزاد کی رویت ہلال اور دنیا بھرمیں بین المذاہب وبین المسالک ہم آہنگی،ملک میں قومی یکجہتی، اتحادو وحدت اور پیغام پاکستان کے حوالے سے خدمات کو سراہا۔\932
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات