Live Updates

آئی پی پی بطور اتحادی جماعت سیاسی رواداری پیدا کرنے میں بھر پور کردار ادا کر تی رہے گی، شعیب صدیقی

منگل 9 ستمبر 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) پنجاب اسمبلی میں سینٹ الیکشن کے لئے ہونے والی پولنگ میں استحکام پاکستان پارٹی نے حکومتی امیدوار رانا ثنا اللہ کی حمایت میں ووٹ ڈال کر حکومت کی اتحادی جماعت ہونے کا حق ادا کر دیا۔ منگل کو پنجاب اسمبلی میں ہونے والی پولنگ میں آئی پی پی کے ووٹرز صوبائی جنرل سیکرٹری آئی پی پی و ایم پی اے محمد شعیب صدیقی، غضنفر عباس چھینہ، مخصوص نشستوں پر اسمبلی کا حصہ بننے والی خواتین رہنما سارا احمد اور سیدہ سمیرا بخاری نے سینٹ کی نشست کے انتخاب کے لئے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

اس موقع پر ایم پی اے شعیب صدیقی اور دیگر ایم پی ایز کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ محمد شعیب صدیقی نے رانا ثنا اللہ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے دونوں جماعتوں کے سیاسی اتحاد کو مزید فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ممبران پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی سیلاب جیسی غیر معمولی آفت سے نمٹنے کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

حکومتی نمائندے اورصوبائی ادارے اس مشکل صورت حال میں فرنٹ لائن ثابت ہوئے جنہوں نے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوامی تحفظ کو حتی الامکان یقینی بنایا۔ جنرل سیکرٹری استحکام پاکستان پارٹی پنجاب و ممبر صوبائی اسمبلی شعیب صدیقی کہنا تھا کہ آئی پی پی بطور اتحادی جماعت سیاسی رواداری پیدا کرنے میں بھر پور کردار ادا کر تی رہے گی اور ملک میں سیاسی عدم برداشت پر مبنی رویے کے برعکس افہام و تفہیم کے سیاسی چلن کو فروغ دے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات