Live Updates

بھارت کی جانب سے دریاؤں میں بغیر پیشگی اطلاع پانی چھوڑنا آبی دہشتگردی کے مترادف ہے،سردار عامر الطاف

بدھ 10 ستمبر 2025 13:19

راولا کوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار عامر الطاف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے دریاؤں میں بغیر پیشگی اطلاع پانی چھوڑنا آبی دہشت گردی کے مترادف ہے جس سے پاکستان کے کئی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں دشمن کے اس حربے سے نہ صرف مالی نقصانات ہوئے بلکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہوا جس پر پوری قوم کو افسوس ہے۔

سردار عامر الطاف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کے ساتھ ہماری مکمل ہمدردیاں ہیںمسلم لیگ (ن) ان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے سامنے انسان بے بس ہو جاتا ہے لیکن مشکل وقت میں قوم کے ساتھ کھڑے ہونا ہی اصل سیاست ہے اور مسلم لیگ (ن) یہی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے متاثرہ علاقوں کے لیے نہایت بروقت اور مؤثر فیصلے کیے ہیں سیلاب کی شدت کو دیکھتے ہوئے جس انداز میں ہنگامی بنیادوں پر ریسکیوریلیف اور بحالی کے کاموں کا آغاز کیا گیاوہ قابل تحسین ہے مریم نواز نے وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے عوامی خدمت کا نیا باب رقم کیا ہے وہ صرف حکمرانی نہیں کر رہیں بلکہ ایک خادم کی حیثیت سے پنجاب کے عوام کے درمیان موجود ہیںسیلاب ہو یا مہنگائی تعلیم ہو یا صحت مریم نواز نے ہر شعبے میں عوام کی آواز بن کر کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک عوامی جماعت ہے جس کا مشن صرف اقتدار نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے ہم عوام کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتے ہیںان کے درد کو محسوس کرتے ہیں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ہمدردی کے الفاظ کافی نہیںعملی اقدامات ضروری ہیں اور یہی ہماری ترجیح ہے۔ حکومت پاکستان خصوصاً وزیراعظم شہباز شریف ہر سطح پر صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور ہدایت جاری کی گئی ہے کہ کسی بھی متاثرہ شخص کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارت کی اس آبی جارحیت کا نوٹس لیں پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا ایک خطرناک رجحان ہے جسے روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور مسلم لیگ (ن) ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات