Live Updates

کراچی میں بارش، ندی نالوں میں طغیانی، ڈیم اوور فلو ہونے سے کئی علاقے زیرِ آب، اسکولوں میں تعطیل، فوج طلب

بدھ 10 ستمبر 2025 16:22

کراچی میں بارش، ندی نالوں میں طغیانی، ڈیم اوور فلو ہونے سے کئی علاقے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)کراچی میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی اور ڈیم اوور فلو ہونے سے شہر کے مختلف علاقے زیرِ آب آنے سے پانی آبادیوں میں داخل ہوگیا، صورت حال کے باعث زمینی رابطے منقطع ہوگئے اور تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں جب کہ شہر کے بعض علاقوں میں سیلابی صورت حال کے باعث فوج اور رینجرز کو طلب کرلیا گیا، سوسائٹیوں میں مساجد سے اعلانات کیے گئے۔

شہر قائد میں گزشتہ 2 روز کے دوران وقفے وقفے سے مسلسل بارش نے تباہی مچا دی ہے، مسلسل بارش کے بعد مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے۔ ملیر، ایم نائن، سہراب گوٹھ، خمیسو گوٹھ، لیاری ندی، ملیر ندی اور مچھر کالونی شدید متاثر ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فوج اور رینجرز کے اہلکار متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ رینجرز حکام کے مطابق مشکل کی اس گھڑی میں رینجرز متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

کراچی میں موسلا دھار بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی اور ڈیم اوور فلو ہونے سے شہر کے مختلف علاقے زیرِآب آگئے ہیں۔ٹھڈو ڈیم اوور فلو ہونے سے سپر ہائی وے سے متصل آبادیوں میں پانی داخل ہوگیا۔ بیشتر سوسائٹیاں ڈوب گئیں جبکہ مساجد سے حفاظتی اعلانات شروع کر دیے گئے۔ملیر ندی، تھدو ندی اور میمن گوٹھ ندی بپھر گئیں، جس کے باعث سپر ہائی وے کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، گلشن حدید لنک روڈ اور نیشنل ہائی وے سے بھی سپر ہائی وے کا رابطہ ٹوٹ گیا جب کہ جمالی پل سمیت کئی مقامات پر ندی کا پانی سڑکوں پر آگیا۔

سہراب گوٹھ حسن نعمان کالونی، سعدی ٹائون، ایوب گوٹھ اور لاسی گوٹھ میں بھی پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ نیو کراچی اور سرجانی کے مکین بھی پانی میں پھنس گئے۔ملیر بکرا پیڑی سے میمن گوٹھ کا زمینی رابطہ بھی ٹوٹ گیا۔ کورنگی کراسنگ اور ای بی ایم کازوے بند جبکہ ولایت شاہ مزار سے مرتضی چورنگی جانے والی شاہراہ بھی زیرِ آب آگئی۔ملیر تھدو ندی میں پانی کے تیز بہائو کے باعث پھنسے متعدد افراد کو بھی ریسکیو کرلیا گیا۔

مقامی افراد کے مطابق کچھ گاڑیاں پانی میں بہہ گئی ہیں، جن میں مزید لوگوں کے پھنسنے کا خدشہ ہے جب کہ سرچ آپریشن جاری ہے۔ادھر لیاری ندی کی سطح بلند ہونے سے پرانی سبزی منڈی نشتر بستی بھی ڈوب گئی جہاں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ریسکیو کے مطابق کراچی کے علاقے سعدی ٹائون اور اطراف کے علاقوں میں لوگوں کے پھنسے ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی واٹر ریسکیو ٹیم بمعہ واٹر ریسکیو وہیکل جائے وقوعہ پر روانہ کی گئی۔

پاک فوج کی مدد سے 11 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ریسکیو کیے گئے افراد میں 2 مرد، 3 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔ تمام افراد کو سعدی ٹائون کے قریب صائمہ سوسائٹی سے ریسکیو کیا گیا۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے رات گئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے کلفٹن پمپنگ اسٹیشن، نمائش، گورو مندر اور لسبیلہ روڈ سمیت نالوں کا معائنہ کیا اور نکاسیِ آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

میئر کراچی نے ہدایت دی کہ مزید بارش کی صورت میں اضافی پمپنگ مشینیں لگائی جائیں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ ساتھ ہی رین ریلیف کیمپس میں سہولیات بڑھانے اور شہریوں کو پانی، جوس اور بسکٹ فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔اس کے علاوہ بیرسٹر مرتضی وہاب ناگن چورنگی اور دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی موقع پر پہنچے اور انتظامیہ کو فوری اقدامات کی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ بروقت کارروائی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ضلع ملیر کے خمیسو جوکیو گوٹھ میں ریسکیو آپریشن کیا گیا، جہاں تھڈو ڈیم کے ریلے میں بہہ جانے والی شہزور سے 4 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ڈیم کے بہائو پر مسلسل نظر رکھنے اور عوام کو وقتا فوقتا آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سرجانی ٹائون میں 116 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، بارش اس وقت بھی ہورہی ہے جس سے مشکلات بڑھ رہی ہیں، لیاری ندی کا دورہ کیا تاحال صورت حال بہتر ہے، اس وقت شہر کی تمام سڑکیں کلیئر ہیں۔

شہر میں نالوں کی صفائی کا کام کیا گیا اس لیے حالات بہتر ہیں۔ سرجانی، نارتھ کراچی، گجر نالے سے پانی سمندر میں جاتا ہے، گزشتہ روز شام سات بجے کورنگی کازوے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی محمد سلیم بلوچ کے مطابق کراچی میں زیادہ بارش ہونے کے باعث تمام ندیوں پر بنے ڈیمز ڈیمز اوور فلو ہوگئے۔ڈسٹرکٹ ملیر میں ایمرجنسی سینٹر قائم کردیا گیا۔ تمام صورتحال کنٹرول میں ہے۔ سندھ حکومت الرٹ ہے۔ نشیبی علاقوں اور ندی پر رہنے والوں کو ریسکیو کیا جارہا ہے ۔کراچی میں بارشوں کے پیش نظربدھ کو تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے جب کہ قائم مقام کمشنر کراچی نے تعلیمی اداروں کی چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات