پاکستان دوحہ میں اسرائیل کے بلا اشتعال فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، یہ ایک غیرقانونی فعل اور قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہے،نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار

بدھ 10 ستمبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان دوحہ میں اسرائیل کے بلا اشتعال فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، یہ ایک غیرقانونی فعل اور قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہے۔ بدھ کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ بلاجواز اشتعال انگیزی فلسطین پر اسرائیل کے جاری مظالم کے دوران خطے کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنے کا ایک اور خطرناک اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام خطے میں امن و سلامتی کو شدید نقصان پہنچانے کے مترادف ہے اور بین الاقوامی قانون اور اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اس کے ردعمل میں پاکستان نے الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس معاملے کو باضابطہ طور پر سلامتی کونسل کے سامنے پیش کیا جائے اور اس بات پر زور دیا جائے کہ وہ قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دے۔

(جاری ہے)

جنیوا میں اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کمیشن، او آئی سی ، خلیج تعاون کونسل سے مطالبہ کیا کہ شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک فوری بات چیت کا انعقاد کیا جائے تاکہ کونسل دوحہ پر اسرائیل کے بہیمانہ حملے کے لیے اسے ذمہ دار ٹھہرائے جس کا مقصد جاری جنگ بندی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا ہے۔ پاکستان نے 15 ستمبر کو دوحہ میں غیر معمولی عرب- اسلامی سربراہی کانفرنس کے انعقاد کے قطر کے فیصلے کی حمایت کی اور او آئی سی سیکرٹریٹ پاکستان کی سربراہی میں کانفرنس کی مشترکہ صدارت اور مشترکہ انعقاد کے لیے تیاری کا باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے تاکہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحدہ عرب- اسلامی ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

پاکستان قطر کی قیادت ، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتا ہے اور عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ ملکر اسرائیلی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرے۔