اسرائیل نے قطر پر حملہ کر کے عالمی قوانین کو پامال کیا،حملے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں،مولانا عبدالخبیر آزاد

جمعہ 12 ستمبر 2025 16:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اسرائیل نے قطر پر حملہ کر کے عالمی قوانین کو پامال کیا ،قطر پر اسرائیلی حملے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں،پاکستانی قوم قطر برادر ملک کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں قطر پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف آ واز بلند کی ہے چاہے وہ غزہ کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ نے کی صورت میں ہو یا کسی اور برادر اسلامی ملک کے خلاف جارحیت کر رہا ہو۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ،پاکستانی حکومت،پاک افواج اور پاکستانی قوم قطر پر اسرائیلی حملے کی پر زور الفاظ میں بھر پور مذمت کرتی ہے اور قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

مولانا عبد الخبیر آ زاد نے کہا کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ملک بن چکا ہے،مسلمانوں کے خلاف خطے میں اس کی بزدلانا کارروائیاں ناسور کی طرح پھیلتی جا رہی ہیں،اسرائیل نے قطر پر حملہ کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے،عالم اسلام کو خطے میں اسرائیلی جارحیت کو رکوانے کیلئے متحد ہونا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ قطر نے ہمیشہ خطے میں امن کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے،اس نے امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور درپیش مسا ئل کے حل کیلئے مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنا ہے،بھارت کا پاکستان پر حملہ کرنے میں بھی اسرائیل کا ہاتھ ہے،پاکستان کیخلاف بھارتی جارحیت کے سارے تانے بانے اسرائیل سے جا ملتے ہیں۔

مولانا عبدالخبیر آ زاد نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف مدبرانہ سوچ اور پاک افواج کے سپہ سالار کی بہترین حکمت عملی سے بھارت کے خلاف معر کہ حق میں پاکستان نے تاریخی فتح حاصل کی ہے،پاک افواج نے چار گھنٹوں میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور اس کا غرور خاک میں ملا دیا جو کہتا تھا کہ ہم پاکستان کو چند گھنٹوں میں زیر کرلیں گے،پاک افواج نے بہادری کے ساتھ ''بنیان موصوص'' سے بھارتی طیارے گرا کر دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان اور اس کی مسلح افواج ناقابل شکست ہے ۔