قطر پر اسرائیلی جارحیت انتہائی قابل مذمت ، حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں ، دفتر خارجہ

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان قطر پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں ۔ پاکستانی قوم برادر اسلامی ملک قطر کے ساتھ کھڑی ہے۔ مسئلہ فلسطین اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق حل کرنے کے خواہاں ہیں ۔

پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دینے والے ممالک میں شامل ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے قطر پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوے اسے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قطر سے اظہارِ یکجہتی کے لیے دوحہ کا ہنگامی دورہ کیا اور برادر ملک کو پاکستان کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا پیغام دیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پاکستانی قوم برادر اسلامی ملک قطر کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان حملوں نے قطر کی سلامتی اور خودمختاری کو نشانہ بنایا، جس پر عالمی برادری کو اسرائیل کا احتساب کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اسلامی دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی اشتعال انگیزی کے خلاف متحد ہو کر مؤقف اپنائے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نہ صرف قطر بلکہ غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کی بھی شدید مذمت کرتا ہے اور فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

پاکستان فلسطین کے مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔ ترجمان نے کہا پاکستان اور صومالیہ کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے تاکہ اسرائیلی اقدامات کا عالمی سطح پر جائزہ لیا جا سکے۔ ترجمان نے قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ مرات نور تلیئو کے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوے کہا قازق وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان مختلف معاہدے طے پائے۔

ترکیہ کے وزیر دفاع یاشر گلر کے 8 سے 10 ستمبر کے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ انہوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اہم ملاقاتیں کیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے 10 ستمبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسداد دہشت گردی فورم کی چیئر سنبھال لی ہے، اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دینے والے ممالک میں شامل ہے۔بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی مظالم کا بہادری سے سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے حریت قیادت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور یاسین ملک کی درخواست ضمانت بھی مسترد کر دی گئی ہے، جو ایک قابلِ مذمت عمل ہے۔