Live Updates

دکھ کی اس گھڑی میں پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے، پی پی پی رہنما

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین نے جنوبی پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی حالت زار پر پوری پیپلزپارٹی افسردہ ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال کے پپش نظر شدید مہنگائی، غذائی قلت اور زرعی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ اس لئے صوبائی و مرکزی حکومت سے پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کی تنظیم اپیل کرتی ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں فوری طور پر تمام ضروریات زندگی کی اشیا، کھاد بیج اور زرعی ادویات پر سبسڈی کا اعلان کیا جائے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جو سیلاب زردہ علاقوں میں زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اس پر فوری عمل کر کے کسان کو بیج و کھاد مفت یا آسان اقساط پر دیا جائے، کیونکہ جنوبی پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے متاثر ہونے والا سب سے بڑا طبقہ کسان طبقہ ہے۔

سیلاب متاترین کے بجلی کے بل اس وقت تک معاف کئے جائیں جب تک کہ سیلاب زدہ علاقوں کے سیلاب متاثرین مکمل طور پر اس تباہی و بربادی سے نہیں نکلتے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی سطح پر ماحولیاتی تباہی سے بچاؤ کیلئے حکومت اپنا مقدمہ مؤثر طریقہ سے پیش کرے اور مستقبل میں اس تباہی و بربادی سے بچنے کیلئے بہتر حکمت عملی بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دکھ کی اس گھڑی سیلاب متاثرین کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا ہر کارکن ، ہر عہدیدار اپنے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہے ۔ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف دلوانا پیپلزپارٹی اپنا فرض سمجھتی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات