3 ماہ قبل سرانان سے اغواء ہونے والے 2نوجوان بازیاب کرکے ملزمان کو کٹہرے میں لایا جائے،الکوزئی قومی موومنٹ

ہفتہ 13 ستمبر 2025 17:57

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)الکوزئی قومی موومنٹ کے رہنماوں آعید محمد ،حاجی نصیب اللہ ، جبار آکا ،حمزہ خان اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما نوردرانی نے کہا ہے کہ 3ماہ قبل سرانان سے اغواء ہونے والے 2نوجوانوں کو فوری طور پر بازیاب کرکے ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے بصورت دیگر الکوزئی قومی موومنٹ سخت احتجاج سمیت کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہرا ہ کو غیرمعینہ مدت کیلئے بند کرنے پر مجبور ہوگی۔

یہ بات انہوں نے الکوزئی قوم کے جرگے کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حاجی قبات خان کے 2بیٹوں عدنان خان اورعرفان کو سرانان کے علاقے سے 3ماہ قبل گلستان کی ایک قبائلی شخصیت کی سرپرستی میں اسوقت اغواء کرلیا جب وہ 10ویلر ٹرالر لیکرآرہے تھے تین ماہ گزرنے کے باوجود تاحال دونوں مغویوں کوبازیاب نہیں کرایا جاسکا ہے جس سے الکوزئی قوم میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اغواء کا مقدمہ عبدالقیوم اور عبدالکریم کے خلاف درج کیا گیا ہے مغوی افراد کو گلستان کے عل قے میں رکھا گیاہے جن کی بازیابی کیلئے سی ٹی ڈی اور کرائم برانچ چھاپے مار رہی ہے لیکن تاحال مغوی بازیاب نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج الکوزئی قوم کا ایک جرگہ الکوزئی قومی موومنٹ کے زیراہتمام منعقد ہوا جس میں دونوں نوجوانوں کی عدم بازیابی پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے گلستان کی قبائلی شخصیات سے کہا گیا کہ وہ دونوں نوجوانوں کی فوری رہائی کو یقینی بنائیں تاکہ الکوزئی قوم میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ الکوزئی قوم ایک پرامن قوم ہے جو دیگر اقوام کے ساتھ بھائی چارے کے ساتھ رہ رہی ہے لیکن گلستان کی ایک قبائلی شخصیت کا الکوزئی قوم کے دو نوجوانوں کو اغواء کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ آعید محمد نے کہاکہ الکوزئی قومی جرگہ نے دونوں نوجوانوں کی بحفاظت بازیابی کیلئے بات چیت کا ختیارالکوزئی سپریم کونسل کو دیدیا ہے جو اغواء ہونے والے دونوں نوجوانوں کی بازیابی کیلئے اپنا کرداراد اکریگی۔

ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما نور درانی نے کہا کہ عدنان خان اور عرفان خان کو گلستان کے علاقے میں رکھا گیا ہے جن کی بازیابی کیلئے کئی مقامات پرچھاپے مارے گئے لیکن وہ تاحال بازیاب نہیں ہوئے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان ،گورنر بلوچستان ،وزیراعلیٰ بلوچستان اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا کہ اغواء ہونے والے نوجوانوں کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر الکوزئی قوم سخت احتجاج سمیت کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ کوغیرمعینہ مدت کیلئے بند کرنے پر مجبورہوگی۔