سینیٹر شیری رحمٰن کی خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

ہفتہ 13 ستمبر 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے دہشتگردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جبکہ دہشتگردوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا جنہوں نے 35 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

(جاری ہے)

شیری رحمٰن نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری دہشت گردی اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف متحد ہے،ملک کا امن تباہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،پاکستانی فوج قوم کی خودمختاری اور عوام کے تحفظ کی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس پاکستان کے امن کے دشمن ہیں،نام نہاد خوارج اور ان کے سہولت کاروں کا انجام ہمیشہ رسوائی ہی ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔