Live Updates

معروف قومی کرکٹر عامر سہیل کی سالگرہ اتوار 14 ستمبر کو منائی گئی

اتوار 14 ستمبر 2025 11:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) معروف قومی کرکٹر عامر سہیل کی سالگرہ اتوار 14 ستمبر کو منائی گئی۔ عامر سہیل کا پورا نام محمد عامر سہیل علی ہے اور وہ 14 ستمبر 1966ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے پاکستان کی طرف سے 47 ٹیسٹ میچ اور 147 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اپنی اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز تھے۔

عامر سہیل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد مبصر کی حثیت سے اپنے فرائض ادا کرتے رہے ہیں ۔ انہوں نے 1983 میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا، وہ بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز اور کبھی کبھار بائیں ہاتھ سے سپن بولنگ بھی کرتے تھے۔عامر سہیل نے پاکستان کے علاوہ الائیڈ بینک آف پاکستان، حبیب بینک آف پاکستان، کراچی، لاہور، راولپنڈی، سرگودھا اور سمر سیٹ کرکٹ کائونٹی کی طرف سے بھی کرکٹ کھیلی۔

(جاری ہے)

جارحانہ بلے باز عامر سہیل پہلی مرتبہ 1990ء میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں قومی ٹیم میں شامل ہوئے وہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 1992ء کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم میں بھی شامل تھے۔عامر سہیل نے 1998ء میں 6 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی کپتانی کی اور وہ جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ میچ میں شکست دینے والے پہلے پاکستانی کپتان ہیں ۔

انھوں نے 1996ء سے 1998ء تک 22 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی قیادت کی،9 میں کامیابی حاصل کی اور 41.5 کی اوسط سے رنز بھی بنائے ۔ انھوں نے شارجہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کے قائم مقام کپتان کے طور پر بھی کام کیا۔2001ء میں کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد عامر سہیل قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر بن گئے اور ان کا دور جنوری 2004ء میں ختم ہو گیا جب ان کی جگہ قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر وسیم باری نے لے لی۔

وہ کرکٹ براڈکاسٹر کے طور پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 4 فروری 2014ء کو انھیں دوسری بار قومی ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا۔ کیرئیر اعدادوشمار کے مطابق عامر سہیل نے 47 ٹیسٹ میچوں کی 83 اننگز میں 3 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہ کر 2823 رنز سکور کیے۔ 205 ان کا کسی ایک اننگ کا سب سے بہترین انفرادی سکور تھا جبکہ عامر سہیل کی فارمیٹ میں 35.28 کی اوسط تھی جس میں 5 سنچریاں اور 13 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں ۔

اسی طرح 156 ایک روزہ مقابلوں کی 155 اننگز میں 5 دفعہ ناٹ آئوٹ رہ کر عامر سہیل نے 4780 رنز سکور کیے جس میں 134 ا ن کا سب سے زیادہ سکور تھا اور 31.86 کی اوسط سے حاصل کردہ ان اعداد و شمار میں 5 سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔ عامر سہیل کا فرسٹ کلاس ریکارڈ بھی بہت متاثر کن ہے۔ انھوں نے 195 میچوں کی 331 اننگز میں 17 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 12213 رنز 38.89 کی اوسط سے حاصل کیے۔

جس میں 205 ان کی کسی ایک اننگ کا بہترین سکور تھا۔ 29 سنچریاں اور 50 نصف سنچریاں بھی اس خوبصورت مجموعے کا حصہ تھیں۔ عامر سہیل نے ٹیسٹ میچوں میں 36، ایک روزہ مقابلوں میں 50 اور فرسٹ کلاس میچوں میں 153 کیچز بھی اپنے محفوظ ہاتھوں میں دبوچے ہیں۔ عامر سہیل کی سالگرہ کے موقع پر ان کے احباب اور شائقین کرکٹ کی جانب سے ان کی خدمات پر انہیں بھر پور خراج تحسین پیش کیا گیا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات