بھارت کا سفاک چہرہ عالمی سطح پر تیزی سے بے نقاب ہو نے لگا

پاک بھارت لڑائی کے دوران پروپیگنڈے اور غلط معلومات کی تشہیر کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے

جمعرات 18 ستمبر 2025 22:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر اور دیگر مقامات پر ریاستی دہشت گردی کی اپنی کارروائیوںپر پردہ ڈالنے کے لیے جھوٹے پروپیگنڈے اور غلط معلومات کا سہارا لے رہا ہے تاہم اب اسکا سفاک چہرہ عالمی سطح پر تیزی سے بے نقاب ہو رہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی میڈیا نے حالیہ پاک بھارت لڑائی کے دوران پروپیگنڈے اور غلط معلومات کی تشہیر کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ۔

یہ بھی کہا گیا کہ پاکستانی فوج کے جرنیلوں اور وردی پوش اہلکاروں نے آپریشن سندورمیں مارے گئے ایک نام نہاد "دہشت گرد" کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بھارتی میڈیا اور ہندو توا تبصرہ نگاروں نے آپریشن کے دوران پاکستان کے حوالے سے ایسی ایسی بے بنیاد کہانیاں گھڑ لیں جنکا حقیقت سے دور کا واستہ بھی نہ تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے ثبوتوں اور شواہد کے ساتھ بھارتی پروپیگنڈہ کا پردہ خوب چاک کیا۔

پاکستان نے شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی میڈیا کو بھارتی میزائلوں سے نشانہ بننے والی مساجد اور مدارس کے دوروں کی سہولت فراہم کی، متاثرین کے نام اور پتے جاری کیے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت کو جعلی بیانیہ تیار کرنے کے بجائے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا چاہیے۔

اسے یہ جواب دینا چاہیے کہ اس نے ہزاروں کشمیریوں کو جھوٹے الزامات میں کیوں سلاخوں کے پیچھے ڈال رکھا ہے ، سینکڑوں گھر کیوں تباہ کیے اور وہ بے گناہ کشمیریوں نوجوانوں کو کیوں جعلی مقابلوں میں شہید کر رہا ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت نے دہشت گردی کو ایک ہتھیار بنایا ہواہے، وہ جھوٹی خبروں ، مصنوعی ذہانت سے بنائی جانے والی تصاویر ، ویڈیوز کے ذریعے دہشت گردی کی اپنی کارروائیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔

بھارت نے رات کی تاریخی میں جارحیت کر کے معصوم بچوں اور خواتین سمیت کئی بیگناہ شہری شہید کیے اور اپنی اس ننگی جارحیت کی چھپانے کیلئے انہیں دہشت گرد قرار دیا۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت دہشت گردی کا واویلا کرتا رہتا ہے لیکن درحقیقت وہ خود ایک بڑا دہشت گردہے، وہ نہ صرف مقبوضہ جموںوکشمیر اور پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے بلکہ اسکی دہشت گردی نے عالمی سطح پر بھی اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں۔ وہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے کے ذریعے معصوم بننے کی کوشش کر رہا ہے لیکن دنیا اب جمہوریت کے لبھادے میں چھپا اسکا مکروہ چہرہ پہچان چکی ہے۔