دہشتگردی،علیحدگی پسندی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند رہیں گے، چینی عہدیدار

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:50

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)چین کی کمیونسٹ پارٹی سنکیانگ کے سیکرٹری چن شیاجیانگ نے صدرمملکت آصف علی زرداری سے ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستان اور چین دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی پر کاربند رہیں گے۔صدر آصف علی زرداری نے اٴْرمچی میں چین کی کمیونسٹ پارٹی سیکریٹری سنکیانگ چن شیاوجیانگ سے ملاقات کی جہاں گورنر سنکیانگ ارکن تونیاز بھی موجود تھے، چن شیاوجیانگ نے صدر زرداری کا خیرمقدم کیا۔

کمیونسٹ پارٹی سیکیریٹری سنکیانگ چن شیاؤجیانگ نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے فروری 2025 میں بیجنگ میں صدر شی چن پنگ سے ملاقات کی تھی اور اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے موقع پر سی پیک کے دوسرے مرحلے کی رفتار تیز تر ہوئی، سنکیانگ خوش حالی اور پائیدار امن کا مرکز بن چکا ہے، جی ڈی پی 5.6 کھرب یوان سے تجاوز کر گئی ہے۔

(جاری ہے)

چن شیاوجیانگ نے کہا کہ سنکیانگ انتہا پسندی کی بنیادی وجوہات پر قابو پانے اور سماجی ترقی کے لیے اقدامات کر رہا ہے، پاکستان اور چین کے درمیان آٹھ سسٹر سٹی معاہدے ہیں جن میں اٴْرمچی اور پشاور بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند رہیں گے۔اس موقع پر صدرمملکت آصف زرداری نے کہا کہ چین کے عوام کی یک جہتی اور سنکیانگ کی ترقی متاثر کن ہے، پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی آزمائش پر پوری اتری ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔

صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے چین کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، پاکستان اور چین زراعت، صنعت، معدنیات اور نئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔