پاک سعودی عرب دفاعی معاہدہ پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے،مرتضی جاوید عباسی

اتوار 21 ستمبر 2025 20:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) سابق وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی نے کہاہے کہ وزیراعظم محمدشہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سیدعاصم منیرنے پاک سعودی تعلقات کو وسعت دینے میں بے مثال کردار ادا کیا،سعودی عرب کی فضاؤں میں وزیراعظم کو جس طرح پروٹوکول دیا گیا، اس پر پوری قوم کو فخر ہے،پاک سعودی عرب دفاعی معاہدہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے دو طاقتور ملک علاقائی سلامتی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

اتوار کو یہاں لورہ میں مسلم لیگ(ن) کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بعض پروپیگنڈہ کرنے والے عناصر اس معاہدے پر تنقید کررہے ہیں ،یقیناً وہ اس امت کے خیرخواہ نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ملت اسلامیہ کے محافظ کے طور پرابھرا ہے،وزیر اعظم اور آرمی چیف کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاکستان کو مسلم دنیا میں یہ منفرد پہچان ملی، ہماری بہادر فوج نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا لہذا پوری قوم کو پاک فوج کے شانہ بشانہ اور حکومت وقت کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہونا چاہئے۔

مرتضی جاوید عباسی نے پارٹی رہنماؤں، کارکنان سے آئندہ کے لائحہ عمل اور پارٹی کو تحصیل لورہ کے اندر مزید مظبوط کرنے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی۔شرکا نے مقامی مسائل، پارٹی کی کارکردگی اور عوامی خدمت کے نئے منصوبوں پر غور کیا۔تقریب میں مئیر تحصیل لورہ افتخار احمد عباسی، چیئرمین حاجی عقیل عباسی، راجہ زاہد علی ،بزرگوں، نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔