Live Updates

اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اعلیٰ سطحی سالانہ اجلاس پیرسے نیویارک میں شروع ہوگیا

پیر 22 ستمبر 2025 16:34

اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اعلیٰ سطحی سالانہ اجلاس پیرسے نیویارک ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء)اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اعلیٰ سطحی سالانہ اجلاس پیر سے نیویارک میں شروع ہوگیا ہے، جس میں دنیا بھر کے 150 سے زائد سربراہانِ مملکت اور وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف 26 ستمبر کو 193 رکنی اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں وہ مختلف عالمی امور خاص طور سے فلسطین اور کشمیر کے حوالہ سے پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف کی شرکت کثیرالجہتی اور اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کی مظبوط وابستگی کو ظاہر کرتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پاکستان سلامتی کونسل کے رکن کی حیثیت سے عالمی امن اور ترقی کے لیے کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف خطاب میں غزہ میں فوری جنگ بندی اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں حق خود ارادیت کے مسئلے کو بھی اجاگر کریں گے کیونکہ یہ دونوں مسائل طویل عرصے سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ رہے ہیں۔

اس کے علاوہ، وزیر اعظم موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا، اور دہشت گردی کے خطرے جیسے مسائل پر بھی روشنی ڈالیں گے۔انہو ں نے کہاکہ وزیرِ اعظم عالمی برادری کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے نقطہ نظر کو پیش کریں گے، جو ملک کو سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کی صورت میں شدید متاثر کر چکا ہے۔

واضح رہے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اس سال کے اجلاس میں غزہ اور یوکرین میں جاری جنگیں، فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ ایران کے ساتھ جوہری کشیدگی جیسے مسائل زیر بحث رہیں۔اس کے علاوہ، وزیرِ اعظم شہباز شریف اجلاس کے دوران کئی اہم دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ تبادلہ خیال شامل ہے۔ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بھی اسلامی رہنماؤں کے ایک اجلاس میں شرکت کریں گے۔ واضح رہے اس اجلاس کے پیش نظرنیویارک پولیس نے شہر بھر میں وسیع سکیورٹی انتظامات کئے ہیں، جن میں ہزاروں افسران اور خصوصی یونٹس تعینات ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات