Live Updates

پی ٹی آئی سندھ کا کاروان پشاور جلسے کے لیے کراچی سے روانہ، مختلف شہروں میں شاندار استقبال

جمعرات 25 ستمبر 2025 18:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام 27 ستمبر کو پشاور میں ہونے والے جلسے میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی سندھ کا کاروان کراچی سے روانہ ہوگیا۔ کاروان کی قیادت پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کی۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مسرور سیال، کراچی کے صدر راجہ اظہر، جنرل سیکریٹری کراچی ارسلان خالد، رہنما فہیم خان، فرخ جی خان، جعفرالحسن، امیر حمزہ، ایڈووکیٹ خالد محمود سمیت کراچی کے مختلف اضلاع کے صدور اور بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔

کاروان الآصف اسکوائر کراچی سے روانہ ہوا جس میں سینکڑوں گاڑیاں شامل تھیں۔ قافلہ کراچی سے نوریہ آباد، جامشورو، حیدرآباد اورسعید آباد، نوابشاہ سے ہوتا ہوا سکھر پہنچا جہاں مختلف شہروں میں کارکنان نے والہانہ استقبال کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں کئی شہروں سے قافلے کاروان میں شامل ہوگئے۔ کاروان بذریعہ موٹروے 26 ستمبر کی رات پشاور پہنچے گا اور اگلے روز جلسے میں شریک ہوگا۔

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پشاور جلسہ ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔ عمران خان کی کال پر سندھ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے قافلے پشاور پہنچیں گے۔ یہ جلسہ عمران خان، ان کی اہلیہ بشری بی بی سمیت تمام کارکنان کی رہائی، آئین و قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، پارٹی اور اس کے قائد کو توڑنے کی بے شمار کوششیں کی گئیں لیکن ناکام رہیں۔

عمران خان حقیقی آزادی کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کی آزادی کو نشانہ بنایا گیا جبکہ پیکا ایکٹ کے ذریعے میڈیا پر قدغن لگائی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں عوام نے عمران خان کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا لیکن سازش کے تحت فارم 47 کے ذریعے نتائج تبدیل کیے گئے۔ جعلی حکومتوں کے مسلط ہونے کے بعد ملک معاشی بحران، مہنگائی اور بے روزگاری کا شکار ہے۔

اگر چوروں کا ٹولہ مزید مسلط رہا تو ملک تباہی کے کنارے پہنچ جائے گا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو قدرتی وسائل سے نوازا ہے لیکن بدعنوان سیاستدانوں نے ملک کو لوٹ کر ترقی کے راستے میں رکاوٹیں ڈالیں۔ قائداعظم کے بعد عمران خان ہی واحد لیڈر ہیں جو حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب عوامی طاقت سے عمران خان رہا ہوں گے اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور سب کے لیے یکساں انصاف قائم ہوگا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات