اقوام متحدہ جنرل اسمبلی ،خطاب کے دوران وزیراعظم نے جذباتی انداز اپنالیا، ڈائس پر مکے برسادیے

جمعہ 26 ستمبر 2025 22:00

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے جذباتی انداز میں ڈائس پر مکے برسادئیے۔جمعے کو وزیراعظم شہبازشریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی۔

اس دوران جذباتی انداز میں ڈائس پر مکے برسائے، جس پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک ہر سال موسمیاتی تبدیلی کے باعث تباہ کن سیلابوں کا سامنا کرتے ہیں لیکن ان سے کہا جاتا ہے کہ وہ اس نقصان کے ازالے کے لیے مزید قرض لیں۔ شہباز شریف نے پرعزم لہجے میں کہا کہ یہ کسی صورت انصاف نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کس طرح ایسے ممالک سے توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ قرضوں کا بوجھ بڑھائیں جب کہ موسمیاتی بحران پیدا کرنے میں ان کا کوئی کردار نہیں۔

شہباز شریف نے کہاکہ ان کا خیال ہے کہ مزید قرض لینا کوئی حل نہیں بلکہ پاکستان اپنی محنت، جدوجہد اور عوام کی قربانیوں سے ایک عظیم ملک بنے گا۔ان کے خطاب کے دوران جب وہ جذباتی ہوکر ڈائس پر مکے مارنے لگے تو حاضرین نے پرجوش انداز میں تالیاں بجا کر ان کے موقف کی تائید کی۔